لاہور+ سیالکوٹ (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) جمعیت علماءاسلام کے امیر اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنما فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔ ملکی سیاست اگرچہ گھمبیر ہے تاہم مجلس عمل آئندہ الیکشن میں اللہ کے فضل و کرم سے حیران کن نتائج دے گی۔ ٹیلیفون پر مولانا احمد مصدق قاسمی اور مولانا حماد انذر قاسمی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انتخابات کا بروقت انعقاد اہم تقاضا ہے کیونکہ مقامی اور بین الاقوامی درپیش چیلنجز سے ایک جمہوری منتخب حکومت ہی نمٹ سکتی ہے۔ بعض حلقوں کی جانب سے الیکشن کو چھ ماہ کیلئے ملتوی کرنے کی تجویز قابل مذمت ہے جس کی ایم ایم اے ڈٹ کر مخالفت کرے گی۔ دریں اثناء جے یو آئی کے امیر اور متحدہ مجلس عمل کے صدر مولا نا فضل الرحمن آج لاہور کے مقامی ہسپتال میں اپنا طبی معائنہ کرائیں گے، دریں اثناءگزشتہ روز ان سے مرکزی جمعیت اہل حدیث سر براہ پروفیسر ساجد میر ،جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ ، جے یو آئی کے مولانا محمد امجد خان،علامہ محمد تراب اور دیگر راہنماﺅں مختلف وفود نے لاہور میںملاقاتیںکیں ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل دین اسلام کے نفاذ اور وطن کے خلاف سازشوں کا مقابلہ کر نے اور غریب عوام کو ان کے حقوق دلوانے کے لئے انتخابی میدان میں اتری ہے ، 25 جولائی کو عوام نے ووٹ کی پرچی کے ذریعے فیصلہ کر نا ہے اور انتخابات میں کرپٹ سیکولر نااہل اور احتساب زدہ لوگوں کو مسترد کر کے دینی قیادت کو آگے لانے کا فیصلہ کر نا ہے تاکہ ملک میں احتساب بھی ہوسکے اور ملک ترقی کی راہ پر بھی چل سکے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ انتخابی ماحول بنتا جا رہا ہے عوام باشعور ہیں عوام کا فیصلہ مجلس عمل کے لئے ہوگا مولانا نے مختلف امید واروں اور جماعتی وفود سے بھی گفتگو کی مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مجلس عمل بھاری اکثریت کے ساتھ جیت کر اسلام کا عادلانہ نظام نافذ کرے۔
فضل الرحمن