اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ائیروار کالج میں 31 ویں ائیر وار کورس کی کانووکیشن کی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے اس تقریب کی صدرات کی۔ ائیرچیف نے گریجویٹ ہونے والے افسران کو کورس کی کامیاب تکمیل پرمبارک باد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ائیر وار کالج سے حاصل کردہ علم اور مہارت شرکاء کی قومی سلامتی سے متعلق مطلوبہ ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہونگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ روایتی اور غیر روایتی جنگوں کے اس دور میں باہمی تعاون کے بغیر کامیابی کا حصول مشکل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملٹری آپریشن کے جدید نظریئے کے مطابق باہمی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس سے پہلے ائیر وائس مارشل ابرار احمد، کمانڈنٹ ائیر وار کالج نے کورس رپورٹ پیش کی۔ پاک فضائیہ کے افسران کے علاوہ پاک آرمی، پاک نیوی اور دیگر 11 ممالک جن میں بنگلہ دیش، چین، مصر، ایران ، اردن ملائیشیا ، سعودی عرب، اومان، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور زمبابوے کے افسران بھی گریجویٹ ہوئے۔