اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی +نوائے وقت رپورٹ) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملٹری اور سویلین لیڈرشپ ایک پیج پر ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بیان امید کی کرن بن کر سامنے آیا ہے۔ پاکستان میں پہلی بار سویلین اور ملٹری لیڈرشپ قوم کی بقا اور ترقی کے لئے ایک پیچ پر ہیں۔ جب قوم کو ایسی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے تو لیڈرشپ کو سامنے آکر ایڈریس کرنا ہوتا ہے۔ قوم مشکل حالات سے گزر رہی ہے اور معاشی حالات میں ہمیں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ قوم کو مشکل حالات کا سامنا ہے لیکن پاکستان موجودہ حالات سے ضرور نکلے گا۔ لیڈرشپ مشکل حالات میں فیصلے کرتی ہے تو مثبت اثرات نظر آتے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنا دفاعی بجٹ فریز کیا اور کہا کہ قوم کی بہتری کے لئے مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ حکومت معیشت کو صحیح کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ سب دیکھیں گے یہ قوم ان حالات سے نکلے گی۔ اپنے ایک ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ٹیکس وصولی کے قومی فرض کو تحریک کی شکل دینے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔ پاکستان کو خود انحصاری کی منزل سے ہم کنار کرنے کی جانب عملی قدم کپتان نے اٹھایا، حب الوطنی اسے کہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ ہم قوم بن کر محتاجی کی دلدل سے نکلنے کی جدوجہد کریں۔ عمران خان نے سیاسی نہیں، قومی مفاد میں جرأت مندانہ فیصلے کئے ہیں۔ سیاسی مخالف بھی تسلیم کر رہے ہیں کہ اس کڑی دھوپ سے ایک بار ہم ہمت، حوصلے اور استقامت سے گزر گئے تو روشن مستقبل ہماری منزل ہوگا۔ پریس کانفرنس میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ان کا پیدائشی ڈیفیکٹڈ کا بیان کسی خاص شخص کے لیے نہیں تھا اور جس کے قول و فعل میں تضاد ہو وہ ڈیفیکٹڈ ہے۔ عمران خان کا مینڈیٹ ہے، انہیں پارلیمنٹ نے پہلے سلیکٹ کیا پھر اپنے ووٹ سے الیکٹ کیا لیکن ایک شخص ایسا بھی ہے جسے تاحیات سپریم کورٹ نے ری جیکٹ کیا، سلیکٹڈ، الیکٹڈ اور ایک تاحیات ری جیکٹڈ کی بات ہونی چاہیے، اس کے ساتھ ایک سیاسی لیڈر ایسا بھی ہے جو پیدائشی ڈیفیکٹڈ ہے۔ پیدائشی ڈیفیکٹڈ طبی اصلاح ہے، اسے سیاست کا رنگ کیوں دیا جارہا ہے، اپنے الفاظ پر قائم ہوں پیچھے نہیں ہٹ رہی، بیان کسی خاص شخص کے لیے نہیں تھا۔ ہر وہ شخص جس کے اپنے عمل اس کی زبان کے ساتھ نہ ہوں وہ پیدائشی ڈیفیکٹڈ ہے، کوئی بھی سیاسی شخص ہو سکتا ہے جس میں پیدائشی نقائص ہو، پیدائشی نقائص جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی طور کسی میں بھی ہو سکتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ بجٹ منظور کرانے پر سب کو مبارکباد دیتی ہوں۔ بجٹ منظور کرا کے حکومت نے آئینی طریقے سے اپنی برتری ثابت کردی۔ ایوان میں وزیراعظم کے کھلاڑیوں نے اپوزیشن کی تمام چالوں کو ناکام بنا دیا۔ بجٹ بارے دھمکیاں دینے والوں کی خواہشات دم توڑ گئیں۔ سنجرانی کیخلاف تحریک لانے سے پہلے اپوزیشن دس مرتبہ سوچے۔ صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا انجام اچھا نہیں ہوگا، ہم سینٹ میں اپوزیشن کو ناکوں چنے چبوائیں گے۔
آرمی چیف کا بیان امید کی کرن بن کر سامنے آیا: فردوس عاشق
Jun 29, 2019