اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی) وزیر اعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کے وفد کو پارٹی کے ساتھ معاہدہ پر عمل کی یقین دہانی کرا دی، وزیراعظم سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی، وفد میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، صابر حسین قائم خانی، اقبال محمد علی خان، سید امین الحق، اسامہ قادری اور کشور زہرہ شامل تھے، جبکہ وزیر دفاع پرویز خٹک، معاونین خصوصی نعیم الحق، ندیم افضل گوندل بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وفد نے کراچی اور حیدر آباد کے مسائل اور دوسرے امور کے بارے میں آگاہ کیا اور حکومت میں شمولیت کے وقت طے پانے والے معاہدہ پر عمل پر اصرار کیا۔ سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کے حل کے لئے پیکج دینے پر بھی بات چیت کی، وزیر اعظم نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی، ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کیلئے جہانگیر ترین کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے اراکین قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم کے چیمبر میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیںکیں، ملاقات کرنے والوں میں محمد افضل خان ڈھانڈلہ، ملک کرامت علی کھوکھر، چوہدری عاصم نذیر اور طاہر اقبال، سردار ریاض محمود خان، سردار محمد خان لغاری، حیدر علی خان، یعقوب شیخ شامل تھے۔ علاوہ ازیں ایک صحافی نے جہانگیر ترین سے سوال کیا کہ چیئرمین سینٹ نہیں جا رہے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی بطور چئرمین سینٹ اپنی مدت پوری کریں گے۔ صحافی نے پوچھا کہ اس بار بھی آپ کا جہاز استعمال ہوگا؟ جس پر جہانگیر ترین نے مسکرا کر جواب دیا کہ اللہ خیر کرے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی ہسپتالوں کی ریگولر نرسز کے الائونسز میں اضافے کی منظوری دے دی‘ گریڈ 16 کی ریگولر نرسز کا میس الائونس 8ہزار روپے اور سٹوڈنٹ نرسز کا ماہانہ وظیفہ 6800 سے 20ہزار کردیا گیا ہے۔ نرسز کے الائونسز میں اضافے کا اعلان وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے کیا تھا۔ معاون خصوصی ظفر مرزا کی جانب سے سٹوڈنٹ نرسز کا ماہانہ وظیفہ 6800 سے بڑھا کر 20ہزار کرنے اور گریڈ 16 کی ریگولر نرسز کے میس الائونس آٹھ ہزار کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دریں اثنا وزیراعظم نے میانوالی میں پینے کے پانی کی قلت کی اطلاعات پر نوٹس لیتے ہوئے سیف اﷲ نیازی کو میانوالی پہنچ کر حالات کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپ دی۔ سیف اﷲ معاملے پر جامع رپورٹ تیار کرنے کے ساتھ پانی کے مسائل کو ختم کرنے کا ٹاسک بھی دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے سیف اﷲ خان نیازی کو میانوالی جانے کی ہدایت کی اور متعلقہ علاقوں کا دورہ کرنے اور مسئلے کا حل تجویز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گیس شعبے سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزارت توانائی حکام نے وزیراعظم کو گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق بریفنگ دی، گردشی قرضوں سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے مجوزہ گیس سلیبز پر نظرثانی کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کم آمدن غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔ گھریلو صارفین کے تین سلیب استعمال کرنے والوں پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ فرٹیلائزر سیکٹرز کو گیس مہنگی دینے سے کسان متاثر ہوں گے۔ وزارت توانائی کو فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے بھی گیس کی قیمتوں میں نظرثانی کی ہدایت کی۔ مجوزہ نظرثانی تجاویز کو کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے۔