لیڈز(چودھری اشرف) کرکٹ ورلڈ کپ میں افغانستان ٹیم نے پاکستان ٹیم کو جیت کے لیے 228 رنز ہدف کا ہدف دیدیا ہے۔ افغانستان ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز کے کھیل میں 9 وکٹوں پر 227 رنز سکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان ٹیم کے کپتان گلبدین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ اور کپتان گلبدین نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑی جارحانہ انداز اپنائے ہوئے تھے۔ افغانستان کا سکور 27 پر پہنچا تو اس وقت اسے پہلا نقصان گلبدین کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ گلبدین کو ابھرتے ہوئے نوجوان فاسٹ باولر شاہین آفریدی نے سرفراز احمد کے ہاتھوں وکٹوں کے پیچھے کیچ آوٹ کیا۔ نئے کھلاڑی حشمت اللہ میدان میں آئے لیکن اگلی کی گیند پر وہ بھی شاہین آفریدی کا شکار ہو گئے۔ حشمت اللہ پاکستانی باولر شاہین آفریدی کی گیند کو نہ سمجھ سکے اور عماد وسیم کو اپنا کیچ دے بیٹھے۔ رحمت شاہ اور اکرام علی خیل کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 30 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ 57 کے سکور پر اس وقت ہوا جب رحمت شاہ عماد وسیم کی گیند پر 35 کے انفرادی سکور پر اپنا کیچ شاداب خان کو دے بیٹھے۔ اکرام علی خیل اور اصغر افغان نے ملکر اپنی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور سکور کو 121 رنز تک لے گئے اس موقع پر اصغر افغان جو پاکستانی باولرز کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنائے ہوئے تھے۔ 35 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ افغانستان کی پانچویں وکٹ 125 کے سکور پر گری جب اکرام علی خیل جو دفاعی حکمت عملی اپنائے ہوئے تھے 66 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 24 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ 167 کے سکور پر افغانستان ٹیم کو چھٹا نقصان محمد نبی کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب محمد نبی پاکستانی فاسٹ باولر وہاب ریاض کی اٹھتی ہوئی بال کو شاٹ لگانے کی کوشش میں باونڈری لائن پر کھڑے محمد عامر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ محمد نبی نے 33 گیندوں کا سامنا کیا جس میں صرف 16 رنز بنا سکے۔ ساتویں وکٹ نجیب اللہ کی گری جو 42 کے انفرادی سکور پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ان سائیڈ ایج سے کلین بولڈ آوٹ ہو گئے۔ 210 کے ٹوٹل پر پاکستان کے شاہین آفریدی نے راشد خان کو فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا۔ راشد خان نے 8 رنز بنائے۔ افغانستان کی نویں وکٹ حامد حسن کی گری جنہیں وہاب ریاض نے کلین بولڈ آوٹ کیا۔ افغانستان ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔ سمیع اللہ 19 اور مجیب الرحمان ایک سکور کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے باولنگ میں شاہین شاہ آفریدی نے دس اوورز میں 47 رنز دیکر چار، وہاب ریاض نے 8 اوورز میں 29 رنز کے عرض دو، عماد وسیم نے دس اوورز میں 48 رنز دیکر دو جبکہ شاداب خان نے دس اوورز کے کوٹہ میں 44 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔