جڑانوالہ: وین روک کر مخالفین کی فائرنگ، 2 بھائیوں سمیت 5 قتل

Jun 29, 2020

لاہور‘ جڑانوالہ‘ ننکانہ صاحب (نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) جڑانوالہ میں دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے دن دیہاڑے مسافر ویگن روک کر اندھا دھند فائرنگ سے 2 بھائیوں سمیت5 افراد کو قتل‘ 5 کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایس پی ٹائون، اے ایس پی بلال سلہری، ایس ایچ او تھانہ لنڈیانوالہ مناظر حسین لک پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ جڑانوالہ تھانہ لنڈیانوالہ کے نواحی علاقہ 563 گ ب کا رہائشی ادریس اپنے بھائی عبدالرئوف اور بھانجے حسنین کے ہمراہ مسافر ویگن میں سوار ننکانہ سے گھر کی جانب آرہے تھے کہ راستہ میں ننکانہ روڈ چک نمبر 562گ ب کے قریب دن دیہاڑے موٹر سائیکلوں پر سوار مخالفین نے ویگن روک کر گولیاں چلا دیں جس کی زد میں آ کر2 بھائیوں اور ویگن ڈرائیور سجاول سمیت 5افراد دم توڑ گئے جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاع پر ریسکیو اہلکاروں نے زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال ننکانہ صاحب منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب پولیس شعیب دستگیر نے جڑانوالہ میں مسافر وین پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا حکم دیاہے۔

مزیدخبریں