کرونا: اموات 4154، کیس دو لاکھ 5647، نئے مریض 4233

Jun 29, 2020

اسلام آباد‘ لاہور ، گوجرانوالہ ( وقائع نگار خصوصی +وقائع نگار+ خصوصی نمائندہ+نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی)کرونا وائرس کے پاکستان میں پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ مجموعی متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 5 ہزار 647 جبکہ اموات 4 ہزار 154 تک پہنچ گئی ہیں۔ ملک میںکرونا وائرس کے 4233 نئے کیسز اور 56 اموات رپورٹ ہوئیں۔صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 2 ہزار 179 نئے کیسز اور 26 اموات کا اضافہ ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کیسز کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھٹنوں کے دوران 9 ہزار 244 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار179 کے نتائج مثبت آئے، اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 80 ہزار 446 تک پہنچ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 26 افراد انتقال بھی کرگئے جس سے یہ تعداد 1269 تک پہنچ گئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 1322 نئے کیسز اور 17 اموات رپورٹ ہوئیں۔ سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 322 لوگ متاثر ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 74 ہزار 202 ہوگئی۔ اس کے علاوہ صوبے میں مزید 17 افراد زندگی کی بازی ہار گئے یوں اب تک وہاں اموات 1673 تک پہنچ گئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 189 افراد کو متاثر کیا جبکہ 2 افراد کی جان لے لی۔ اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متاثر ہونے والے ان افراد کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 12395 تک پہنچ گئی۔ علاوہ ازیں وہاں مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اموات کی مجموعی تعداد 120 سے بڑھ کر 122 ہوگئی۔ گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی دیکھی گئی اور ایک روز میں 6 نئے کیسز اور ایک اموات کا اضافہ ہوا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے، یوں مجموعی کیسز کی تعداد 1417 سے بڑھ کر 1423 ہوگئی۔ ادھر آزاد کشمیر میں کرونا وائرس نے مزید 24 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔ جس کے بعد آزاد کشمیر میں کرونا وائرس سے اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار 3 سے بڑھ کر ایک ہزار 27 ہوگئی۔ تاہم جس طرح ملک میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آرہے ہیں اسی طرح صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 5 ہزار 718 لوگ اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔ اس طرح پاکستان میں ان 4 ماہ سے زائد کے عرصے میں کورونا وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد 86 ہزار 906 سے بڑھ کر 92 ہزار 624 ہوگئی۔ملک میں اموات کے لحاظ سے پنجاب سرفہرست رہا ہے۔ پنجاب میں تعداد1673ہوچکی ہیں ۔سندھ میں 1269ہوئی ہیں۔ خیبرپختونخوامیں 914‘بلوچستان میں 114ٗ اسلام آباد میں 122آزاد کشمیر 28جبکہ گلگت بلتستان میں 24موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) سے اتوار کو جاری تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 25013ٹیسٹ کئے گئے ہیں جبکہ ملک بھر میں 92624مریض صحت یاب ہوئے ہیں جو کہ نمایاں تعداد ہے۔ ملک بھر میں 502مریض وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ کرونا کے مریضوں کے لئے 1562وینٹی لینٹرز مختص کئے گئے ہیں۔ ملک میں 27جون کو ایکٹو کیسز کی تعداد 4072رہی جبکہ مجموعی طور پر ایکٹو کیسز کی تعداد 106213ہے۔ اب تک 202955کیسز سامنے آ ئے ہیں۔این سی اوسی نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7288 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں،1070 مارکیٹوں اور 1234 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخواہ میں 3252 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں ، خیبرپختونخوا میں 105 گاڑیاں اور178 دکانیں سیل وجرمانے کئے گئے ،پنجاب میں 2172 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔ اعلامیہ کے مطابق پنجاب میں 816گاڑیاں اور718 دکانیں سیل کی گئیں ، آزاد کشمیر میں 390 خلاف ورزیاں،63 گاڑیاں اور53 دکانیں سیل وجرمانے کئے گئے، اعلامیہ کے مطابق بلوچستان میں 786 خلاف ورزیاں،203 گاڑیاں اور95 دکانیں سیل جرمانے کئے گئے، اعلامیہ میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان میں 183 خلاف ورزیاں , 88 دکانیں، 23 گاڑیاں سیل جرمانے عائد کئے گئے ،سندھ میں 489 خلاف ورزیاں،22 گاڑیاں اور24 دکانیں سیل جرمانے عائد کئے گئے ۔ہائی کورٹ کے جج جسٹس فیاض احمد جندران کرونا کے باعث اسلام آباد جی ٹین فو رسیل ہونے کے دوران گھر پر ہی رہیں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے آئندہ ہفتے کے روسٹر میں بھی جسٹس فیاض احمد جندران کا نام شامل نہیں ہے۔ تندرست ہونے کے باوجود وہ مجوزہ ضابطہ اخلاق کی پابندی یقینی بنائیں گے۔ وفاقی دارالحکومت میں ضلعی انتظامیہ کی بہتر حکمت عملی اور سمارٹ لاک ڈان کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ اسلام آباد میں کرونا کیسز میں واضح طور پر کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 189کیسز سامنے آئے۔ اسلام آباد میں گزشتہ روز 3ہزار لوگوں کے ٹیسٹ کئے گئے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد26 جون کو اسلام آباد میں271 کیسز جبکہ 27جون کو 225کیسز سامنے آئے تھے۔ ڈپٹی کمشنر حمزہ سفقات کے مطابق اسلام آباد میں ایس او پیزپر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔ روزانہ کی بنیادپر ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں اور شہریوں کو ہزاروں روپے جرمانے کئے جا رہے ہیں۔ گوجرانوالہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے متاثر4 افراد ہلاک، گوجرانوالہ میں 56،گجرات 14، حافظ آباد3 منڈی بہائوالدین 2جبکہ سیالکوٹ میں6 افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی۔
بیجنگ، واشنگٹن( شنہوائ+ نوائے وقت رپورٹ) امریکا سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے بعد عالمی سطح پر کرونا وائرس کا شکار افراد کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ دنیا بھر میں تقریباً 5 لاکھ افراد وائرس کے باعث موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔امریکا میں ایک ہی دن میں وائرس کے ریکارڈ 45 ہزار 242 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد امریکا میں متاثرین کی تعداد 25 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔ امریکی ریاست فلوریڈا میں ہفتے کی صبح ایک ہی دن میں ریکارڈ 9 ہزار 585 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد نرمی کی گئی پابندیوں کو واپس لیتے ہوئے نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا گیا۔ برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 38 ہزار 693 نئے کیسز اور ایک ہزار 109 اموات ریکارڈ کی گئیں۔کیسز کی تعداد 13 لاکھ 13 ہزار 667 ہوگئی جبکہ اب تک 57 ہزار 70 افراد کی جان بھی لے چکا ہے۔ میکسکو میں اب تک 26 ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ دوسری جانب بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ اس وقت تک 16 ہزار 95 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 19 ہزار 906 کیسز کی تصدیق ہوئی جو اب تک سامنے آنے والے یومیہ کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ بھارتی حکومت کے مطابق گزشتہ روز وائرس سے 410 افراد ہلاک بھی ہوئے جس کے بعد عالمی وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 95 ہوگئی۔ وائرس سے متاثرہ ایران نے حفاظتی اقدامات کے طور پر آئندہ ہفتے سے ماسک کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ایران میں اب تک کرونا وائرس سے 2 لاکھ 20 ہزار افراد متاثر اور 10 ہزار 364 لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دوسری جانب اٹلی میں ایک روز میں 8 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں اور مجموعی تعداد 34 ہزار 716 تک پہنچ گئی ہے۔اعداد وشمار کے مطابق 175 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں اور یورپ میں بدترین نشانہ بننے والے ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار 136 تک پہنچ گئی ہے۔ تاہم برطانیہ نے لیسٹر میں کیسز کی تعداد بڑھنے کے بعد لاک ڈاؤن کے نفاذ پر غور شروع کردیا ہے۔ادھر چین میں بیجنگ کی فلائٹ میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد 5 لاکھ افراد کو لاک ڈاؤن میں رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ اینڑن کی کاؤنٹی کو مکمل بند اور کنٹرول میں لے لیا گیا ہے۔ چین کے قومی صحت کمیشن نے کہا ہے کہ چین میں لینڈ پر ہفتہ کے روز نوول کرونا وائرس کے 17 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس میں 14 مقامی سطح پر ترسیل کے جبکہ 3 درآمدی ہیں۔ تمام کیسز بیجنگ میں سامنے آئے ہیں۔ کمیشن کے مطابق ہفتہ کے روز بیماری سے متعلق کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ ہفتہ کے روز 7 افراد کو صحت یاب ہونے پر ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا جبکہ بیجنگ میں 1 مشتبہ کیس سامنے آیا۔ بیماری کے باعث 4 ہزار 634 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہفتہ کے روز تک ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ میں 7 ہلاکتوں سمیت 1 ہزار 197 مصدقہ کیسز‘ مکاؤ خصوصی انتظامی علاقہ میں 46 مصدقہ کیسز اور تائیوان میں 7 ہلاکتوں سمیت 447 مصدقہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ سری لنکا کے صدر نے ملک میں نافذ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا میں عالمی کرونا وباء کے دوران پارلیمانی انتخابات اگست تک مؤخر کر دیئے گئے۔ سری لنکا میں کرونا متاثرین کی تعداد دو ہزار اور اموات 11 رپورٹ ہوئی ہیں۔سعودی عرب میں کرونا کے مزید 3989 مریضوں کی تصدیق ہو گئی۔ وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میں کرونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 82 ہزار 493 ہو گئی۔ 24 گھنٹے کے دوران کرونا سے 40 افراد انتقال کر گئے۔ ملک بھر میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 1551 ہو گئی ہے۔

مزیدخبریں