اپوزیشن کی اے پی سی آئندہ ہفتے‘ بلاول کا شاہ زین کو فون

Jun 29, 2020

اسلام آباد(این این آئی‘ نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس آئندہ ہفتے بلائی جائیگی، ذرائع کے مطابق کانفرنس میں تاخیر شہباز شریف کی علالت کے باعث ہوئی ہے، اسلام آباد میں اے پی سی کی میزبانی بلاول بھٹو کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی سے آل پارٹیز کانفرنس کے التواء کی درخواست کی تھی، شہباز شریف نے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن کی اے پی سی انتہائی اہم ہے، کانفرنس میں ذاتی طور پر شرکت کا خواہش مند ہوں لیکن میرے کرونا ٹیسٹ کے نتائج آنے تک اے پی سی نہ بلائی جائے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جمہوری وطن پارٹی کے رہنما شاہ زین بگٹی کو ٹیلی فون کیا۔ بلاول نے 18 ویں آئینی ترمیم پر شاہ زین بگٹی کے مؤقف کو سراہا۔ بلاول اور شاہ زین بگٹی نے جلد ملاقات پر اتفاق کیا۔

مزیدخبریں