لاہور‘ فیصل آباد (نیوز رپورٹر‘نامہ نگار‘ آن لائن) ساندہ کے علاقے شبلی ٹاؤن میں والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے6 سالہ بچی گلے پہ ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوگئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او ساندہ انسپکٹر شرجیل ضیاء کو معطل کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شبلی ٹاؤن، ڈبل سڑکاں پر 6سالہ حریم فاطمہ اپنے والد عمران کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جارہی تھی کہ اچانک حریم فاطمہ کے گلے پر کٹی پتنگ کی ڈور پھرگئی اور اس نے میاں منشی ہسپتال میں دم توڑ دیا ہے۔ نعش گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا، ماں کو غشی کے دور پڑنے لگے۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کا کہنا تھا کہ ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں پتنگ بازی ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ علاوہ ازیں فیصل آباد کے تھانہ پیپلز کالونی کے عین سامنے کٹی پتنگ کی قاتل ڈور نے موٹر سائیکل سوار 18سالہ نوجوان کی جان لے لی۔ جڑانوالہ کے چک نمبر 240گ ب کا رہائشی 18سالہ حمزہ سرور فیصل آباد آیا ہوا تھا وہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جا رہا تھا کہ تھانہ پیپلز کالونی کے عین سامنے کٹی پتنگ کی قاتل ڈور سے اس کی شہ رگ کٹ گئی جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
لاہور: قاتل ڈور نے 6 سالہ بچی، فیصل آباد میں نوجوان کی جان لے لی
Jun 29, 2020