لاہور‘ کراچی‘ ملتان ‘وہاڑی‘ ساہیوال‘ سوہدرہ‘ شور کوٹ(نامہنگار خصوصی‘ نمائندگان‘ نامہ نگاران) کراچی میں کے الیکٹرک کے دعوے دھرے رہ گئے طویل لوڈ شیڈنگ جاری‘ لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی گھنٹوں بجلی بند رہنے سے گرمی اور حبس میں لوگ نڈھال ہو گئے۔ وہاڑی میں لوگوں نے سوئمنگ پولز اور ٹیوب ویلوں کا رک کر لیا۔ ساہیوال میں بارش کے بعد بجلی غائب ہونے پر احتجاجی مظاہرہ شہریوں نے ٹائر نذر آتش کر کے ٹریفک رو ک دی۔ سوہدرہ میں کئی کئی دن بجلی بند رہنے سے اہل دیہات کی زندگی اجیرن ہو گئی‘ شور کوٹ میں شدید گرمی سے 4مزدور بے ہوش ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کے تمام دعوے دھرے رہ گئے اور شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات بھی کئی گھنٹے بجلی غائب رہی۔ شہر قائد میں کہیں 8 تو کہیں 12، 12 گھنٹے بجلی غائب ہونے کی وجہ سے شدید گرمی میں شہریوں کو نہ دن میں چین ہے اور نہ رات کو سکون ہے۔ کورنگی، پی ای سی ایچ ایس، گلستان جوہر، شاہ فیصل، ملیر، لیاری، لانڈھی، گلشن اقبال ،فیڈرل بی ایریا سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 3 گھنٹے سے 7 گھنٹے تک ہے جب کہ شہر کا کوئی علاقہ اس وبال سے محفوظ نہیں۔ ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا تھا کہ ایندھن کی فراہمی بہتر ہونے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی بھی بہتر ہوئی ہے اور رات 12 بجے سے صبح 7 بجے تک بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔ وہاڑی میں حبس اور گرمی میں‘بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کا براحال،گرمی کے ستائے شہریوں نے ٹیوب ویلز اور سوئمنگ پولز کا رخ کرلیا، ٹھنڈے پانی میں نہاکر گرمی کو کم کرنے لگے۔ ساہیوال میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی بند ہونے سے شہری مشکلات کا شکار ‘ رات 12بجے تک بجلی نہ آنے پرشہریوں نے صدر چوک میں ٹائروں کو آگ لگاکر روڈ بلاک کر دی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے واپڈا کے ذمہ دار افسروں کو معطل کر کے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ واپڈا کے حکام نے اپنے موبائل اور شکایت سینٹر کے ٹیلی فون اس دوران آف رکھے۔ سوہدرہ سے ملحقہ دیہات میں بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ سے اور گرمی کے باعث دیہاتی بلبلا اٹھے۔ نوگراں، بہرام، رانا، ٹاہلی والا، نارکے، پاتوکے، نتھو کوٹ کا فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی کئی دن بجلی بند رہتی ہے۔ جس کے باعث لوگوں کا جینا محال ہو گیا۔ مچھر ،مکھی کی وجہ سے لوگ رات جاگ کر گذارنے پر مجبو ر ہو گئے۔ اہل دیہات سراپا احتجاج ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی اپیل کی ہے۔ مزید برآں شورکوٹ اور گردونواح میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ گزشتہ روز گرمی کی شدت سے تین مزدور اللہ دتہ‘ محمد رمضان ‘ غلام رسول بے ہوش ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شورکوٹ پہنچا دیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج موسم گرم و خشک رہنے اور گردآلود ہواہیں چلنے کا امکان ہے اتوار کے روز ملتان میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 41.2 کم سے کم 32.3 بہاولپور زیادہ سے زیادہ 42.9 کم سے کم 30.7 رحیم یار خان زیادہ سے زیادہ 44 کم سے کم 32 ‘ڈی جی خان زیادہ سے زیادہ 41.5 کم سے کم 31 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق وہاڑی شہر اور گردونواح میں گرمی کی شدت میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا گزشتہ روز شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا‘ گلیاں بازار ویران نظر آئے ‘ٹیوب ویلز اور نہروں پر گرمی کی شدت کم کرنے کیلئے نہانے والوں کا بھی رش لگا رہا محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔علاوہ ازیں لاہور کے علاقوں میں بجلی کا آنا جانا لگا ہوا ہے ، جس کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کر نا پڑرہا ہے۔لاہور کے علاقیگوالمنڈی، نسبت روڈ، انارکلی اوراندرون شہر کے کئی علاقوں میں بجلی غائب رہی۔