شاہ محمود نے وزیراعلیٰ کو میرے کاموں سے روکا‘ تین پارلیمانی کمیٹیاں چھوڑدیں : احمد حسین

Jun 29, 2020

اسلام آباد (آئی این پی) ملتان سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف پھٹ پڑے۔ اتوار کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احمد حسین ڈیہر نے کہا شاہ محمود قریشی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو میرے مسائل حل کرنے سے روک دیا۔ شاہ محمود قریشی نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو ایک دھمکی دی تو وہ ڈر گئے۔ احمد حسین ڈیہر نے مزید کہا کہ ہمیں ایک کروڑ فنڈ ملا شاہ محمود قریشی نے 20 کروڑ کا فنڈ لیا۔ شاہ محمود قریشی نے سارے عہدے اپنے بندوں کو دے دیے۔ انہوں نے کہا سب کچھ شاہ محمود قریشی جیسے لوگوں کو مل رہا ہو تو ہم خود کشی کرلیں؟۔ احمد حسین ڈیہر نے کہا کہ ہمارے وزراء اپنے علاقوں میں خدا بن کے بیٹھے ہیں۔ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی محروم ترین طبقہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین پارلیمانی کمیٹیوں سے استعفیٰ سپیکر کو بھجوا چکا ہوں۔

مزیدخبریں