اپوزیشن کرونا پرسیاست کرکے معیشت تباہ کرنا چاہتی ہے:میاں اسلم اقبال

لاہور (کامرس رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ کروناوبا نے دنیا بدل دی پر ہماری اپوزیشن کی سوچ نہیں بدلی۔ حکومت نے معیشت کی بحالی اور کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے ہیں۔یہ بات انہوں نے اپنے حلقے کے دورہ کے موقع پر لوگوں سے ترقیاتی امور پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ اپوزیشن آج بھی تنقید برائے تنقید کا طرزعمل چھوڑ نے کیلئے تیار نہیں۔ اپوزیشن کرونا وبا پر سیاست کرکے صورتحال کوگھمبیر اور معیشت کی بربادی چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام انکی لوٹ مار اور منافقت کی سیاست سے بخوبی آگاہ ہیں۔ برسوں ملک پرحکمرانی کرنے والے کرپٹ ٹولے کی لوٹ مار کا خمیازہ عوام آج بھی بھگت رہے ہیں۔ ن لیگ نے تعلیم اور صحت کو نظر انداز کیا اور کنکریٹ کے پہاڑ کھڑے کرکے مال بنایا۔

کرپٹ ٹولے کی دولت بڑھتی رہی اور غریب بنیادی سہولتوں کو بھی ترستے رہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقی کے نام پرعوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے 2018 کیا نتخابات میں عوام نے اقتدار چھین لیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے، ہر وعدہ پورا کریں گے -عوام کاخون چوسنے والے ہر مافیا کو شکست دیں گے۔ کرپشن کے وائرس نے معیشت اور ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ سابق کرپٹ حکمرانوں نے قومی وسائل کو ذاتی مال سمجھ کر برباد کیا۔

ای پیپر دی نیشن