لاہور‘ اسلام آباد‘ وزیرآباد (نیٹ نیوز‘ نامہ نگار) لاہور‘ اسلام آباد سمیت کئی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ مری اور نتھیا گلی میں ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ لاہور میں بھی کہیں کہیں بادل برسے۔ جبکہ وزیر آباد میں گرد آلود اولوں کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ شہر اقتدار میں پری مون سون کے بادلوں نے خوب رنگ جمایا۔ مری میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس سے ملکہ کوہسار کا حسن مزید نکھر گیا۔ لاہور میں بھی کالی گھٹائیں چھائیں۔ کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرم اور مرطوب موسم کا راج برقرار رہا۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی اور وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ تحصیل وزیرآباد، سٹی وزیر آباد، سٹی علی پور چٹھہ، جامکے چٹھہ، شہر رسول نگر، حضرت کیلیانوالہ شریف، ورپال چٹھہ ، احمد نگرچٹھہ، کلاسکے اور ساروکی چیمہ میں10منٹ گردآلود اولوں کیساتھ طوفانی بارش پر لوگ استغفراللہ کا ورد کرنے لگے۔ شدیدگرمی سے ستائے ہوئے لوگوں کی بڑی تعداد طوفانی بارش دیکھنے کے لئے گھروں سے باہر آگئی۔