لاہور(کلچرل رپورٹر) ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء ثمن رائے نے کہا کہ فنکاروں کی خدمات کا سرکاری سطح پر اعتراف کرنے کیلئے لاہورآرٹس کونسل الحمراء نے ثقافت وادب کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ادیبوں،شاعروں،دانشوروں، فنکاروں اور مصوروں کو سول ایوارڈزدینے کی سفارشات حکومت پنجاب کو ارسال کردی ہیں،جس پر متعلقہ محکمہ مزید کاروائی کررہے ہیں۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء ثمن رائے نے مزید کہا کہ یہ سول ایوارڈ فنکاروں کے لئے نہ صرف عزت واحترام کا باعث بنتے ہیں بلکہ ادب وفن کے شعبے میں نئے آنے والوں کیلئے چراغ راہ کا کام دیتے ہیں۔خیال رہے کہ الحمراء ہر سال اس طرح کی سفارشات روانہ کرتی ہے اور حکومت الحمراء کی سفارشات کو تسلیم کرتے ہوئے سول ایوارڈ زکا اجراء کرتی ہے۔ ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء ثمن رائے نے کہا کہ ملک میں اعلی اقدار کو فروغ دینے معاشرے کے حسن میں اضافہ کرنے اور افراد کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے میں فنون لطیفہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے،جس سے وابستہ افراد کی خدمات کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، آرٹسٹ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کر رہے ہیں،لاہور آرٹس کونسل کی سفارشات پر آرٹسٹوں کو سول ایوارڈ دینا الحمرا کے لئے باعث اعزاز ہے۔
ادیبوں،شاعروں،دانشوروں، فنکاروں اور مصوروں کو سول ایوارڈزدینے کی سفارشات حکومت پنجاب کو ارسال کردی ہیں: ثمن رائے
Jun 29, 2020 | 18:46