کراچی (خبرنگار) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمی کراچی صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کھیلوں کی سرپرستی کرتی رہے گی، مرکزی شہری ادارہ ہونے کے ناطے یہ کے ایم سی کی ذمہ داری ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے، کراچی میں قدیم اور روایتی درخت لگائے جائیں گے تاکہ شہر کو سرسبز اور شاداب بنایا جاسکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی صبح انٹرنیشنل اولمپکس ڈے کے موقع پر بلدیہ عظمی کراچی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور کراچی اسپورٹس فانڈیشن کے اشتراک سے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونے والی شجر کاری کی تقریب میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان، ڈائریکٹر جنرل پارکس طحہ سلیم، سینئر ڈائریکٹر سی ایس آر سیف عباس، ڈائریکٹر ویمن اسپورٹس کمپلیکس ناہید عابدہ، ڈائریکٹر اسپورٹس سلمان شمسی، پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن فنانس سیکریٹری محمد شفیق، فوکل پرسن برائے انٹرنیشنل اولمپکس ڈے تہمینہ آصف،نیشنل فورم برائے انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ کے صدر نعیم قریشی، ایس او اے کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، کراچی اسپورٹس فانڈیشن کے چیئرمین آصف عظیم، صدر وسیم ہاشمی، شوکت عمیری، سندھ سوئمنگ ایسوسی ایشن کی صدر وینا مسعود، گرینڈ ماسٹر اشرف تائی، اسپورٹس آرگنائزر غلام محمد، خالد رحمانی، اصغر بلوچ، اور دیگر بھی موجود تھے۔، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمدنے کہا کہ آج کی تقریب میں کھیلوں کی مختلف صوبائی اور وفاقی ایسوسی ایشنز اور نمایاں شخصیات کی شرکت اس امر کی غماز ہے کہ ہم سب اپنے شہر میں کھیلوں اور صحت بخش سرگرمیوں کا فروغ چاہتے ہیں اور اس میں اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کے متمنی ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کو تمام سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا اور یہاں خاص طور پر اولمپکس میں شامل کھیلوں کی ٹریننگ کا انتظام ہوگا تاکہ مقامی کھلاڑی اولمپکس مقابلوں کے لئے خود کو تیار کرسکیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کے ایم اسپورٹس کمپلیکس میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا جبکہ دیگر مہمانوں نے بھی پودے لگائے۔
صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کھیلوں کی سرپرستی جاری رہے گی ، لئیق احمد
Jun 29, 2021