کراچی (کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ،سابق صدر ایف پی سی سی آئی ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ معاشی پالیسیاں مثبت ہونے سے ہی ملکی معیشت کو استحکام ملے گا ،وزیرخزانہ شوکت ترین نے وزارت خزانہ کی سربراہی سنبھالتے ہیں اہم اقدامات کئے ہیں جن کے عنقریب بہتر نتائج ملیں گے،کھانے وپینے کی ضروری اشیاء پر سے سیلز ٹیکس ختم کرنے کی اطلا عات سے عمران خان حکومت پر عوام کا اعتمادمزید بڑھے گا ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر نوراحمدخان کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں بزنس کمیونٹی سے گفتگو کے دوران کیا۔عشائیہ میںخالدتواب، حنیف گوہر، ظفربختاوری ،گلزار فیروز، سردار یاسین ملک،عبدالسمیع خان،معین الدین حیدر،مرزا اختیار بیگ،ملک سہیل حسین، چوہدری زاہد اقبال، شکیل احمدڈھینگڑا اوردیگر بھی موجود تھے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان کی اکنامی کے انڈیکیٹرز مسلسل مثبت ہورہے ہیں اور جو صنعتیں خسارے سے دوچار تھیں وہ اب منافع کی جانب جانے لگی ہیں اور جلدہی پاکستان کی تمام ہی صنعتیں منافع میں چلی جائیں گی اورکورونا وائرس کے باوجود معیشت مضبوطی کی جانب رواں دواں ہے ،کوروناوائرس کی چوتھی لہر کی بازگشت سنائی دے رہی ہے اور ہماری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ دنیا کے تمام مسلمانوں سمیت ہرفرد کو محفوظ رکھے ۔خالدتواب نے کہا کہ فیڈریشن الیکشن میں الیکشن کمیشن کی معاونت سے ایف پی سی سی آئی کی صدارتی کرسی پر قابض ہو نے والے شخص کو 6ماہ بعد یہ یاد آیا کہ میرا تعلق اس ایسوسی ایشن سے نہیں جس کے تحت میں نے ایف پی سی سی آئی کی صدارت کا الیکشن لڑا حالانکہ میری اس ایسوسی ایشن سے برسوں پرانی وابستگی ہے جبکہ میری اپنی کمپنی بھی ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہے لیکن وقت ضائع کرنے کیلئے تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں اور ڈی جی ٹی اوان لوگوں کا ساتھ دے کر اپنے آپ کو متنازعہ بنا چکا ہے ۔ نور احمد خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گروپ یو بی جی کے قائدین نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو وزارت تجارت کے ماتحت ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈی جی ٹی او) کی جانبداری اوراپنے عہدے سے انصاف نہ کرنے کے حوالے سے خط تحریر کردیا ہے، ڈی جی ٹی او نے سندھ ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود ایف پی سی سی آئی کی صدارت کے انتخاب میں یو بی جی کے امیدوار خالدتواب کے حق میں فیصلہ نہ دے کر اپنے آپ کو مشکوک بنالیا ہے اس لئے وزیراعظم پاکستان ڈی جی ٹی او کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ان کا کیس نیب کو بھیجے تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی سامنے آجائے۔ سیکریٹری جنرل یو بی جی ظفربختاوری نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد کے ہردروازے پر جاکر ایف پی سی سی آئی میں رواں سال کے الیکشن میں کی جانے والی دھاندلیوں کے بارے میں آگاہ کردیا ہے اورجلد ہی اسلام آباد کا موسم خالدتواب کے حق میں ہوجائے گا ۔