زیادتی کیس: مفتی عزیزالرحمان اعترافی بیان سے منحرف‘ جیل منتقل

Jun 29, 2021

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) مدرسے میں طالب علم سے زیادتی اور نازیبا ویڈیو سکینڈل کا مرکزی ملزم مفتی عزیزالرحمان پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے اعترافی بیان سے منحرف ہوگیا۔ کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ رانا راشد نے کیس کی سماعت کی۔ جہاں ملزم عزیز الرحمن کو 3 دن کے جسمانی ریمانڈ کے بعد پیش کیا گیا۔ مفتی عزیزالرحمان نے بیان میں کہا کہ مدرسے کی انتظامیہ نے میرے خلاف سازش کی۔ پولیس دباؤ ڈال کر زبردستی اعترافی بیان لینا چاہتی ہے۔ میں اعتراف جرم نہیں کرتا بعد ازاں ملزم مفتی عزیز الرحمان کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ اس سے پہلے طالب علم زیادتی کیس کے ملزم مفتی عزیز الرحمان کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع کی گئی تھی۔ دوسری طرف عزیز الرحمن کے تینوں صاحبزادوں  جنہوں نے ایڈیشنل سیشن جج کی مقامی عدالت سے اپنی عبوری ضمانتیں منظور کروا رکھی ہیں، تینوں ملزمان کی جانب سے دائر کردہ عبوری ضمانت درخواستوں پر مزید سماعت  کل 30 جون کو ہو گی۔

مزیدخبریں