لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جوہر ٹاؤن دھماکہ افسوسناک، اس واقعہ میں ملوث افراد کو دلیری، لاء انفورسمنٹ آپریٹرز، پاک فوج، سی ٹی ڈی، پولیس اور دیگر اداروں نے نہ صرف اپنی گرفت میں لیا وہ قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تمام تر کارروائی کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مانیٹرکیا۔ حکومت ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کر کے انہیں کڑی سزا دلوا کر ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائے گی۔ قبل ازیں انہوں نے کہا کہ پرچی شہزادہ آزادکشمیر الیکشن کی انتخابی مہم میں گلا پھاڑ پھاڑ کر تقاریر کر رہا ہے۔ پرچی شہزادہ آزاد کشمیر الیکشن کی شکل میں ایک اور ناکامی گلے لگانے کے قریب ہے۔ آزاد کشمیر کے غیور و باشعور عوام جوق در جوق پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی قیادت کی سیاہ کاریوں اور گھناؤنے چہروں کو جان چکے ہیں۔ جعلی راجکماری اور پرچی شہزادے کو گلگت بلتستان الیکشن میں تاریخی ہزیمت اٹھانا پڑی اور کشمیر الیکشن میں بھی ان کیلئے نتائج مختلف نہ ہوں گے۔
جعلی راجکماری‘ پرچی شہزادہ کشمیر الیکشن میں بھی ہزیمت اٹھائیں گے: فردوس عاشق
Jun 29, 2021