نئی دہلی(اے پی پی)بھارت نے غیر قانونی طور پراپنے زیرتسلط جموں و کشمیر میں چین کا سرحد سے متصل لداخ خطے کے علاقے لہہ میں کم از کم 50ہزار اضافی فوجی تعینات کردیے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت نے گزشتہ چند ماہ کے دوران کنٹرول لائن اور لائن آف ایکچول کنٹرول پر تین مختلف علاقوں میں بھاری توپوں اور لڑاکا جیٹ طیاروں کے ساتھ ساتھ اضافی فوجی تعینات کئے ہیں۔ لداخ خطے میں پہلے سے ہی ساڑھے چارلاکھ سے زائد بھارتی فوجی اور پیراملٹری فورسز موجود ہیں۔بھارت کے ایک لیفٹیننٹ جنرل اور بھارتی فوج کی شمالی کمان کے سابق کمانڈر ڈی ایس ہوڈا نے کہا کہ جب سرحدی انتظام کے معاہدے ٹوٹ چکے ہوں توکسی بھی طرف بہت سے فوجیوں کی موجودگی خطرناک ہے۔انہوں نے کہاکہ اب فریقین متنازعہ سرحد پرجارحانہ گشت کریں گے اور ایک چھوٹا سا واقعہ صورتحال کو غیرارادی طورپرقابو سے باہرکر سکتا ہے ۔لداخ کے شمالی علاقے میں جہاں گزشتہ سال بھارت اور چین کے درمیان کئی مرتبہ جھڑپیں ہوئیں۔