اسلام آباد(نیوزرپورٹر)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ نیب احتساب کے عمل میں شفافیت اور غیر جانبداری کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ احتسابی عمل کی آڑ میں تاجر وں اور سرمایہ کاروں کے ہراساں ہونے کے مبینہ تاثر کی نفی کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین نیب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ چیئر مین قومی احتساب بیورو(NAB) جسٹس (ر) جاوید اقبال نے انہیں نیب کی سالانہ رپورٹ برائے 2020 پیش کی۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ایوان بالاکے چیئرمین کوملک میں جاری احتسابی عمل کے متعلق تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں احتسابی عمل کو زیادہ شفاف اور موثر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ احتساب کا غیر جانبدارانہ نظام قائم کیا جا سکے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے سے تاجر برادری کو بہتر ماحول میسر ہوگاجس سے ملک میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ میسر ہوگا ۔ چیئرمین نیب نے چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا کہ ارکین پارلیمنٹ ، متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور کاروباری طبقے کی جانب سے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ احتسابی عمل سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔قومی احتساب بیورو کا ایجنڈا صرف پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے سازگار اورکرپشن سے پاک ماحول فراہم کرنا ہے۔
صادق سنجرانی سے چیئرمین نیب کی ملاقات ، سالانہ رپو رٹ پیش کی
Jun 29, 2021