ملتان( لیڈی رپورٹر )مسلم لیگ نون شعبہ خواتین کی سا بق ایم پی اے و سٹی صدر سلطانہ شاہین، سابق ایم این اے وجنرل سیکرٹری شاہین شفیق نے سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے کے اثاثے سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غنڈہ گردی اور نیب گردی کر کے ٹیکس ریونیو میں اضافہ نہیں ہوتا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایف بی آر کا اختیار نیب کو دینا عمران نیازی کی غنڈہ گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی عہدیداروں کے اثاثہ جات تو پہلے ہی ظاہر ہوتے ہیں۔ ایف بی آر کے پاس تمام ریکارڈ اور تفصیلات موجود ہیں۔انکم ٹیکس قانون میں ترمیم کر کے سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہر فرد کے اثاثے ظاہر کئے جائیں۔ تین سال میں نیب نیازی گٹھ جوڑ کی غنڈہ گردی نے ملک اور معیشت کو تباہ کیا۔ ایف بی آر افسران کا ٹیکس دہندگان کو گرفتارکرنے کا اختیار مکمل ختم کیا جائے۔