جی ڈی اے ارکان کی بازوئوں پر کالی پٹیاں باندھ کر ایوان میں آمد

Jun 29, 2022


اسلام آباد (شاہد اجمل) وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی۔ ایوان میں مختلف وزارتوں کے مطالبات زر کی منظوری کا عمل جاری تھا کہ اس دوران وزیراعظم وفاقی وزیر ایاز صادق اور دیگر کے ہمراہ ایوان میں آئے۔ ارکان نے ڈیسک بجا کر وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔وزیراعظم سے ایوان میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین ملاقاتیں کرتے رہے اور اپنے حلقے کے مسائل سے انہیں آگاہ کرتے رہے۔ وزیراعظم نے بعض اراکین کے مسائل پر موقع پر ہی احکامات بھی جاری کئے۔ اجلاس کے دوران جی ڈی اے کے ارکان بازوئوں پر کالی پٹیاں باندھ کر ایوان میں آئے ،وزیراعظم سے قمرزمان کائرہ، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، سردار ایاز صادق، مرتضیٰ جاوید عباسی، عائشہ رجب بلوچ، ڈاکٹر رمیش کمار وینکوانی، شاہ زین بگٹی، رانا تنویر حسین، شگفتہ جمانی، ڈاکٹر نثار چیمہ، رانا تنویر الحسن نور اور دیگر نے بھی ملاقاتیں کیں۔جس پر قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ جی ڈی اے کے ارکان سیاہ پٹیاں باندھ کر ایوان کی کارروائی میں شریک ہیں، ان کے احتجاج کا نوٹس لیا جائے، اپوزیشن کے ارکان کی بات توجہ سے سنی جائے جس پر سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ تمام ممبران میرے لئے برابر ہیں۔ میں کسی رکن کا حق نہیں مار سکتا مگر بجٹ اجلاس میں بحث تک محدود ہونا چاہیے تاکہ بزنس چل سکے۔سیکرٹریٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کے زیر تربیت  پروبیشنری آفیسرز کے گروپ ، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ کے وفد نے قومی اسمبلی  اجلاس کی کارروائی دیکھی، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مہمانوں کی گیلری آمد پر ان کو خوش آمدید کہا جبکہ ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا خیر مقدم کیا۔اجلاس کے دوران جے یو آئی (ف) نے اپنی ہی حکومت سے مطالبہ کیاکہ حکومت بنکوں کی جانب سے سود کے خاتمے بارے سپریم کورٹ سے رجوع کا نوٹس لے، جمعیت علما اسلام (ف) کے رکن محمد جمال الدین نے کہا کہ حکومت بنکوں کی جانب سے سود کے خاتمے بارے سپریم کورٹ سے رجوع کا نوٹس لے اور یہ پٹیشن واپس لی جائے۔ ڈاکٹر درشن نے کہا کہ ہمارے علاقے میں سکول جاتے بچہ اغوا ہوگیا، اس کو بازیاب کرایا جائے۔ سپیکر نے کہا کہ وزیر پارلیمانی امور اس معاملہ کو دیکھ لیں۔قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس میں وفاقی وزرا سمیت اپوزیشن اراکین نے بھی تقاریر کیں، وفاقی وزرا نے اپنی ترقیاتی پالیسی پیش کی تو کچھ اراکین نے اپنے حلقہ انتخاب کے مسائل کا ذکر کیا۔وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا کہ ہم میاں نواز شریف کی پالیسی کو فالو کریں گے۔

مزیدخبریں