اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )چیئرپرسن کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) راحت کونین حسن نے کہا ہے کہ مصنوعات کی دھوکہ دہی پر مبنی تشہیری مہم اور گمراہ کن دعووں کا براہ راست اثر صارفین اور کاروباری حریفوں پر پڑتا ہے ۔ اس لیے کاروباری ادارے اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کرتے وقت احتیاط سے کام لیں ۔ یہ بات انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی ) کے زیر اہتمام کمپٹیشن لاء پر ایڈوکیسی کے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سیشن میں صدر آر سی سی آئی چوہدری ندیم اے روف، نائب صدر طلعت محمود اعوان، سابق سینئر نائب صدر ثاقب رفیق، سینئر نائب صدر عاصم محمود ملک، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور تاجر برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔راحت کونین حسن نے کہا کہکاروبار اس وقت تک منافع کمانے کے لیے آزاد ہیں ۔
جب تک کہ وہ مقابلے کے اصولوں کی خلاف ورزی نہیں کر رہے ۔ قانون کے تحت کاروبار کو بڑھنے سے کوئی چیز نہیں روکتی ہے اور کاروبار میں بالادستی ممنوع نہیں ہے،لیکن بالادستی کا غلط استعمال کمپٹیشن لاء کے تحت ممنوع ہے،چیئرپرسن نے کہا کہ سی سی پی پالیسی اصلاحات میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور اس حوالے سے اپنی سفارشات حکومت وقت کو پیش کرتا رہا ہے جس سے معاشی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔