وفاقی تعلیمی بورڈکی ساکھ کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دینگے،راؤ عتیق

Jun 29, 2022


اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی تعلیمی بورڈ نے اس بات کا اعادہ کیاہے کہ وہ اپنی ساکھ کو کھونے نہیں دے گا، انٹرمیڈیٹ کا کوئی پرچہ آئوٹ نہیں ہوا، امتحانی سنٹرز کی نگرانی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ منگل کو وفاقی تعلیمی بورڈ کے سیکرٹری رائو عتیق نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی تعلیمی بورڈ ایک اچھی ساکھ کا حامل ادارہ ہے، وہ اپنی ساکھ کو کسی بھی صورت خراب نہیں ہونے دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے کچھ گروپوں میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانی پرچوں کے کچھ حصے شیئر ہوئے وہ اصل پیپر نہیں تھے بلکہ گذشتہ سالوں میں لئے گئے پرچوں میں سے تھے یا کچھ ماڈل پیپرز کے حصے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے بعد بورڈ نے سٹنگ آپریشن کئے اور اس صورتحال سے ایف آئی اے کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری تعلیمی بورڈ نے کہا کہ امتحانی سنٹرز کی نگرانی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، ہر سنٹر میں بورڈ کا نمائندہ تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ بورڈ کے نمائندے عام آدمی کے بھیس امتحانی سنٹرز کے باہر بھی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اوراپنی رپورٹ بورڈ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ نجی سکولوں میں قائم امتحانی سنٹرز کے بارے میں شکایات موصول ہوئی ہیں جس پر بورڈ نے فوری ایکشن لیا۔

مزیدخبریں