بورڈ کے انتظامی امور ٹھپ‘ مسائل کے انبار لگ گئے‘ سائلین اورملازمین کو سخت پریشانی اور مشکلات کا سامنا‘ کوئی پرسان حال نہیں

Jun 29, 2022


 کراچی(نعیم اختر) مسلم لیگ(ن) لیبر ونگ سندھ اور واٹر بورڈ مزدور یونین کے صدر سید منور رضا نے  پچھلے6 ماہ سے واٹر بورڈ میں ایم ڈی کی عدم تعیناتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈی کے نہ ہونے سے واٹر بورڈ کے انتظامی امور ٹھپ مسائل کے انبار لگ گئے ہیں جس سے سائلین اور ملازمین کو سخت پریشانی کا سامنا ہے ۔ سید منوررضا نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی کی عدم موجودگی کے باوجود بڑے پیمانے پر بندر بانٹ کا بازار گرم ہے اہم پوسٹوں پرمن پسند افسران کی تعیناتیاں جاری ہیں۔ مبینہ طور پر کروڑوں روپے ادھر سے ادھر کئے جارہے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ سید منور رضا نے متنبہ کیا کہ اگر یہ  سلسلہ یوں ہی جاری رہا تو محکمہ کا دیوالیہ نکل جائے گا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر محکمے میں لوٹ مار کا بازار بند کرکے نئے ایم ڈی کی تعیناتی یقینی بنائے۔ بصورت  مزدور یونین دیگر ہم خیال واٹر بورڈ کی محنت کشوں تنظیموں کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک شروع کردے گی جس کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو شہری سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کو ایک سیاسی جماعت کے ماتحت کرکے  تباہی کے دہانے پر پہنچادیا گیا ہے کروڑوں کی آبادی  کے شہر کو پانی سپلائی کرنے والے ادارے میں کوئی سربراہ نہ ہونے سے ادارے کے امور درہم برہم ہوچکے ہیں وزیر اعلیٰ اور وزیر بلدیات صورتحال کی سنگینی کا نوٹس لیکر بڑے پیمانے پر ہونے والی بدعنوانی کا خاتمہ کریں۔

مزیدخبریں