اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+خصوصی نامہ نگار) ریڈیو پاکستان کا بھارت میں ٹوئٹر اکائونٹ بلاک کر دیا گیا ہے جو معلومات تک رسائی اور آزادی اظہارِ رائے کے جمہوری حق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ پاکستان کے قومی نشریاتی ادارے کا اکائونٹ بلاک کرنے کی بنیادی وجہ بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو اجاگر ہونے سے روکنا ہے۔ ٹوئٹر اکائونٹ بلاک کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان کے ترجمان چودھری ضمیر اشرف نے ٹوئٹر پر زور دیا کہ وہ بھارت میں اظہار رائے کی آزادی اور اطلاعات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ریڈیو پاکستان کی ٹوئٹر تک رسائی فوری طور پر بحال کرے۔ دوسری طرف بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے ایران‘ ترکی‘ مصر اور اقوام متحدہ میں سفارتخانوں کے اکاؤنٹس بھی بلاک کئے گئے ہیں۔ اپریل میں بھارت نے غلط اطلاعات پھیلانے کے الزام پر 6 پاکستانی یو ٹیوب چینلز بھی بند کر دیئے تھے۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارت میں پاکستانی سرکاری ٹوئیٹر اکاؤنٹس کی معطلی پر تشویش کا اظہار کرتے کہا کہ پاکستانی آفیشل ٹوئیٹر اکاؤنٹس بند کر کے بھارتی صارفین تک معلومات کی رسائی روکی گئی۔ مزید کہا گیا ہے کہ بھارت میں رائے عامہ میں تنوع اور معلومات تک رسائی کا دائرہ محدود ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔ ٹوئٹر بھارت میں پاکستانی اکاؤنٹس تک صارفین کی رسائی فوری بحال کرے۔