اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد میں ججز کی تقرری کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ہائی کورٹس کے لیے 5 ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔ سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں اقبال احمد کاسی، شوکت علی رخشانی، گل حسن ترین، عامر نواز رانا اور سردار احمد حلیمی کی بطور جج تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا فہمیدہ مرزا سمیت تمام ارکان نے اتفاق رائے سے تمام ججوں کی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمشن کا اجلاس متفقہ طور پر مؤخر ہو گیا، کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ بہت اچھے ماحول میں آئندہ کیلئے مثبت گفتگو ہوئی۔ یاد رہے سندھ ہائیکورٹ میں 7 ایڈیشنل ججز کی تقرری کے معاملے پر یہ اجلاس ہونا تھا۔