لاہور‘ سرگودھا‘ کراچی‘ اسلام آباد (نامہ نگاران+نیوز رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) کئی شہروں میں بجلی کی16گھنٹے غیر اعلانیہ گھنٹوں لوڈ شیڈنگ سے کاروبار متاثر ہونے لگا۔ کراچی کے کئی علاقے احتجاج کے باعث میدان جنگ بن گئے، ایک خاتون جاںبحق ہو گئی۔ شہریوں نے وزیراعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ملک بھر میں شدید گرمی لہر کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 7ہزار 500میگا واٹ سے تجاوز کرچکا ہے جس کے باعث لوڈشیڈگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے۔ ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 21ہزار 700میگاواٹ ہے جبکہ طلب 29ہزار سے زائد ہے۔ ملک مختلف علاقوں میں لوشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹوں تک جا پہنچا ہے۔ عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ عید قربان کی آمد کے پیش نظر بجلی کی یومیہ گھنٹوں لوڈ شیڈنگ سے کاروباری طبقہ بری طرح متاثر ہے۔ حبس اور گرمی نے جینا محال کردیا۔ یو پی ایس بیٹریاں بھی چارج نہیں ہوپاتیں۔ جنریٹرز، سولر پینل کی مانگ میں اضافہ ہو گیا۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے طلباء کو امتحانات کی تیاری، مساجد میں نمازیوں کو وضو کرنے کے لئے پانی کی عدم دستیابی کے مسائل کا سامنا ہے۔ سرگودھا میں بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ سے صارفین بلبلا اٹھے جنہوں نے بچوں اور خواتین کے ہمراہ گلیوں میں نکل کر زبردست نعرے بازی کی اور رات کھلے آسمان تلے جاگ کر گزاری۔ رات کو مچھر ستانے لگے۔ شہری فون کریں تو بجلی کمپنیوں کے افسر نہیں اٹھاتے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے پریشان شہری احتجاج پر مجبور ہوگئے۔ ماڑی پور میں 22 گھنٹے سے زائد احتجاج کیا گیا ہے جس کے سبب ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں جب کہ احتجاج کے دوران ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ سب سے زیادہ متاثر لیاری اور اس کے اطراف کے علاقوں کے مکین سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا۔ شہریوں کے احتجاج کے باعث ماڑی پور روڈ، حب ریور روڈ، آر سی ڈی ہائے وے، ایم ٹی خان، مائی کلاچی روڈ اور بوٹ بیسن تک ٹریلر، ٹرک، ٹینکر سمیت گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ ماڑی پور میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شلینگ کی۔ متعدد شہریوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو ہٹانے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی۔ ماڑی پور روڈ پر احتجاج کے دوران ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔ ریسیکو ذرائع کے مطابق لیاری میں ہنگور آباد کی رہائشی 60 سالہ میرا بی بی کا انتقال مبینہ طور پر ماڑی پور میں احتجاج کے دوران ہوا۔ ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ خاتون کی عمر 70 سال تھی اور ان کی موت طبعی طور پر ہوئی۔ایمن آباد بجلی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید 6 گھنٹوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پہلے چار سے چھ گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جاتی تھی۔ ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹہ بجلی کی سپلائی بند کی جاتی ہے۔ گرمی کی شدت میں کاروباری طبقہ کے علاوہ صارفین بھی بلبلا اٹھے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے وعدہ کا پاس کرتے ہوئے لوڈشڈنگ کے اوقات میں فی الفور نمایاں کمی کرے۔ شرقپور شریف‘ شہر اور گردونواح میں بدترین گرمی میں تاریخ کی سیاہ ترین اور قصابانہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ہر 15 منٹ بعد گھنٹہ گھنٹہ من مرضی سے گرڈ سٹیشن بند کیا جا رہا ہے۔ شہر بھر میں پینے کا پانی بھی نایاب ہو گیا۔ تاجر برادری اس وقت شدید پریشانی کا شکار ہے۔ بازار اور مارکیٹیں سنسان پڑی ہیں۔ پورا شہر اس وقت سراپا احتجاج بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا اگر بدترین لوڈشیڈنگ کو فوری کم نہ کیا گیا تو انجمن تاجران شہریوں اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔کامونکی میں ایک گھنٹہ کے بعد تین سے چار گھنٹے بجلی بند ہونے سے شہری شدید اذیت میں مبتلا ہوگئے شدید حبس اور گرمی میں دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک جا پہنچا ، شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ۔لیاری اور مچھر کالونی میں بجلی کی طویل دورانیے کی غیر اعلانیہ بندش کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج منگل کو دوسرے روز بھی جاری رہا، لاٹھی لگنے سے زخمی خاتون دوران علاج دم توڑ گئیں۔پولیس کے ایکشن اور ماڑی پور روڈ کھلوائے جانے کے باوجود ٹریفک مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی ہے۔پولیس کے مطابق شہر کے دیگر علاقوں کی طرح لیاری میں بھی بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری ہے۔ صورت حال اس قدر کشیدہ تھی کہ رینجرز کو بھی علاقے میں طلب کیا گیا مگر کوئی خاص ایکشن دیکھنے میں نہیں آیا۔اطلاعات کے مطابق ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے شہریوں سے لوٹ مار کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور متعدد گاڑیوں کی چابیاں مشتعل مظاہرین نکال کر لے گئے۔ ماڑی پور روڈ پر احتجاج کے دوران لاٹھی چارج کا ڈنڈا لگنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ ایدھی ویلفیئر ترجمان کے مطابق احتجاج کرنے والوں پر لاٹھی چارج کے دوران ڈنڈا لگنے سے احتجاج میں شریک 60 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی۔ خاتون کی میراں بی بی زوجہ عبدالکریم کے نام سے شناخت ہوئی ہے۔
16گھنٹے بجلی بند: کراچی میں مظاہرے ، پولیس سے جھڑپیں ، شیلنگ، کاتون جاں بحق
Jun 29, 2022