اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)پاکستان نے بھارت میں متعدد مقامات پرریڈ یو پاکستان اور مختلف سفارتخانوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس تک رسائی معطل کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔تر جما ن دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ٹوئٹر پیغام میں کہا اس بات پر گہری تشویش ہے کہ بھارت نے پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹس معطل کرکے بھارتی ٹوئٹر صارفین کو معلومات کی فراہمی روک دی ہے۔انہو ں نے کہا کہ بھارت میں جن اکائونٹس تک رسائی روکی گئی ہے ان میں ایران، ترکی، مصر اور اقوام متحدہ میں موجود پاکستانی سفارت خانوں کے تحت چلنے والے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹس شامل ہیں۔انہوںنے میں مزید کہا کہ بھارت میں رائے میں تنوع اور معلومات تک رسائی کے لیے دائرہ محدود ہونا انتہائی تشویشناک ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو قابل اطلاق بین الاقوامی اصولوں کی پابندی کرنی چاہیے۔ٹوئٹ میں پاکستانی وزارت خارجہ نے ٹوئٹر پر زور دیا کہ وہ ان اکاؤنٹس تک بھارت میں رسائی فوری بحال کرے اور آزادی اظہار رائے کے جمہوری حق کی فراہمی یقینی بنائے۔
بھارت میں ریڈیوپاکستان اورمختلف سفارتخانوں کے ٹویٹراکائونٹس تک رسائی کی معطلی
Jun 29, 2022