مہنگائی کیوجہ سے اخبار فروشوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے:ٹکا خان عباسی

Jun 29, 2022


ملتان (جنرل رپورٹر)آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات جنرل سیکرٹری ٹکا خان عباسی سے فیڈریشن کے عہدیداران معاون خصوصی برائے سیکرٹری جنرل شیخ صلاح الدین ،ممبر فیڈریشن ملک عرفان اتیرا،صدر یونین ملتان ملک اے ڈی بھیں،سینئر رہنما ملک نواز اتیرانے اسلام آباد اخبار مارکیٹ میں ملاقات کی جس میں وفد نے ٹکا خان عباسی سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کی اس لہر میں ملک بھر کے تمام اخبار فروش شدید متاثرہوئے ہیں خاص کر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ سے اخبار فروش بھائیوں میں روز گار کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے لیکن افسوس کہ حکومت وقت اور اخباری اداروں نے اخبار فروشوں کے لئے کچھ نہیں کیا ایسے وقت میں جب ملک بھر میں ہر چیزکی قیمت آسمانوں کو چھو رہی ہے اخبار فروش پرانی قیمت اور کمیشن پر اخبار فروخت کرنے پر مجبو رہیں۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ اخباری قیمت اور کمیشن میں فوری اضافہ کیا جائے اس موقع پرٹکا خان عباسی نے یقین دلایا کہ فیڈریشن تمام اخبار فروشوں کے حالات سے آگاہ ہے اور ہماری نظر میں ہے کہ کون کون سے ادارے اخبار فروشوں کی مشکلات میں کمی کے لئے کوشش کر رہے ہیں انشااللہ اسی ہفتہ میں آل پاکستان اخبار فروش کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس اسلام آباد مارکیٹ میں منعقد ہوگا جس میں اخبار کی قیمت اور کمیشن بارے متفقہ لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گاہم امید کرتے ہیں کہ اے پی این ایس اخبار فروشوں کی مشکلات کا احساس کریگی اور ہم اداروں کی مشکلات سے بھی باخوبی آگاہ ہیں کاغذ کی قیمتوںمیں اضافہ نے اخباری صنعت کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے۔

مزیدخبریں