لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022 ء کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کریگی۔ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں 7 سے 14 اکتوبر تک کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز میں پاکستان سمیت میزبان نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پاکستان پہلا میچ 7 اکتوبر کو بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں8 اکتوبر کو پہلی مرتبہ مدمقابل آئیں گی۔ پاکستان ٹیم 11 اکتوبر کو دوبارہ نیوزی لینڈ اور 13 اکتوبر کو بنگلہ دیش کیخلاف میدان میں اتریگی۔سیریز کا فائنل 14 اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔سہ فریقی سیریزکے بعد قومی ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوجائیگی جہاں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان پہلا میچ 23 اکتوبر کو میلبورن میں بھارت کیخلاف کھیلے گا۔ میگا ایونٹ میں پاکستان اپنے اگلے دو میچز 27 اور 30 اکتوبر کو پرتھ میں کوالیفائینگ ٹیموں کیخلاف کھیلے گا۔ قومی ٹیم 3 نومبر کو سڈنی میں جنوبی افریقہ اور 6 نومبر کو ایڈیلیڈ میں بنگلہ دیش کیخلاف مدمقابل آئیگی۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل نیوزی لینڈ میں شیڈول سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کرنے پر بہت مسرور ہیں کیونکہ یہ سیریز آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے میگا ایونٹ کیلئے پاکستان کی تیاریوں کو حتمی شکل دیگی۔بابر اعظم نے کہا کہ وہ ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری کے باعث قومی ٹیم کے آخری دورہ نیوزی لینڈ میں کوئی بھی میچ نہیں کھیل سکے تھے، لہٰذا وہ دو مضبوط ٹیموں کیخلاف ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں سیریز کھیلنے کے منتظر ہیں۔قومی ٹیم انگلینڈ کیخلاف ہوم ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے بعد 4 اکتوبر کو کرائسٹ چرچ روانہ ہوگی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 7 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز 2 اکتوبر کو مکمل ہوگی۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں شرکت کریگی۔ سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلا جانے والا ٹورنامنٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک جاری رہیگا۔
نیوزی لینڈ میں سہ ملکی سیریز کا شیڈول جاری ، ورلڈکپ کی تیاری ہو گی
Jun 29, 2022