کراچی (نیوز رپورٹر)این سی او سی نے کراچی اور سندھ میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کورونا ٹیسٹنگ اور کانٹیکٹ ٹریسنگ بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔این سی او سی ٹیم کی محکمہ سندھ کے حکام کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں وزیر صحت اور سربراہ این سی او سی عبدالقادر پٹیل نے سندھ حکومت کو کراچی کے لیے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی۔وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کراچی میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کردی۔سربراہ این سی او سی کا کہنا تھا کہ پرہجوم جگہوں پر ماسک کے استعمال کو یقینی بنایا جائے، اندرون ملک پروازوں، ریلوے اورزمینی سفر کے دوران بھی ماسک کا استعمال کیا جائے۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق 28 جون کو 24 گھنٹوں کے دوران 13 ہزار 759 ٹیسٹ کیے گئے جس میں مثبت کیسز کی شرح 2.42 رہی جبکہ دو مریض انتقال کرگئے، 85 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔واضح رہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق یہاں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 22 اعشاریہ 65 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
کراچی کرونا
کراچی میں کورونا کیسز کی شرح 22 فیصد سے تجاوز کرگئی
Jun 29, 2022