کراچی (نیوز رپورٹر) شہر قائد کے علاقے صدر بزرٹہ لائن میں 3 منزل عمارت زمیں بوس ہو گئی، جس کے بعد اس سے متصل عمارت کا ایک حصہ گرگیا اور اس میں دراڑیں پڑ گئیں۔عمارت گرنے سے ایک خاتون ملبے تلے دب کر معمولی زخمی جب کہ ملبہ گرنے سے ایک گاڑی تباہ ہوگئی۔ پولیس کے مطابق شارع فیصل گورا قبرستان کے عقب میں واقعے بزرٹہ لائن چاندنی چوک فوجی قبرستان کے قریب گرنے والی عمارت میں حادثے کے وقت ایک فیملی موجود تھی۔اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز کے اہلکار اور ایدھی کے رضاکار موقع پر پہنچے اور ملبے تلے دبی خاتون کو زخمی حالت میں نکال کر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا۔ متاثرہ عمارت کے مالک نے بتایا کہ عمارت کے برابر ہی پانی کا ذخیرہ کرنے کے لیے کئی فٹ گہری اور کئی فٹ لمبی کھدائی جاری ہے، جو ممکنہ طور پر عمارت گرنے کی وجہ ہے۔عمارت کے مالک نے بتایا کہ 2 روز قبل جب کافی گہری کھدائی ہوئی تو انہیں اپنے گھر کی زمین سرکتی محسوس ہوئی تھی، اسی دن قبرستان کی دیوار کا کچھ حصہ بھی گرا تھا، تاہم کھدائی روکی نہیں گئی اوربالآخر پیر اور منگل کی درمیانی شب پہلے عمارت آگے پیچھے ہلی،اس کے بعد دھماکے سے زمین بوس ہوگئی۔ عمارت گرنے سے اس سے متصل 3 منزلہ عمارت کی تیسری منزل کی ایک دیوار بھی گر گئی اور اس میں دراڑیں پڑ گئیں۔حادثے کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ عمارت میں موجود افراد کو نکالا اور دیگر عمارتیں ممکنہ خطرے کے پیش نظر خالی کرا لی گئیں۔ ذرائع کے مطابق زخمی خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے۔