حج سیزن ایمریٹس لائنز نے اضافی پروازوں کا انتظام کرلیا 

Jun 29, 2022

کراچی(کامرس ڈیسک ) حج کے موقع پر فضائی سفر کی قابل ذکر طلب بڑھنے کے باعث عازمین حج کو مقدس شہر مکہ پہنچانے کے لئے ایمریٹس اضافی پروازوں کے ذریعے رابطوں کو یقینی بنانے کے لئے اضافی پروازوں کا انتظام کررہا ہے۔ رواں سال ایمریٹس کی جانب سے حج سیزن میں خصوصی مدت کے دوران جدہ اور مدینہ کے لئے خصوصی پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ ایمریٹس کی جانب سے جدہ کے لئے 31 اضافی پروازیں اور مدینہ کے لئے 23 جون تا 20 جولائی روزانہ دو پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ اسلام کے بنیادی فریضے کی ادائیگی کیلئے عازمین حج کی نقل و حرکت میں معاونت فراہم کی جائے۔ یہ خدمات ایمریٹس کی طے شدہ خدمات کے ساتھ ساتھ جاری رہیں گی۔ سعودی عرب رواں سال حج میں بڑے پیمانے پر لوگوں کی شرکت میں وسعت لایا ہے جہاں اس سال تقریباََ ایک ملین عازمین حج شریک ہوں گے۔ رواں سال، ایمریٹس کو انڈونیشیاء ، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، نائیجیریا، ترکی، مصر، ایتھوپیا، ملائیشیائ، برطانیہ، امریکہ، متحدہ عرب امارات اور الجیریا سے حج کے سفر کی بھرپور طلب نظر آئی۔ ایمریٹس کی جانب سے حج ویزا رکھنے والے عازمین کے لئے خصوصی خدمات دستیاب ہیں۔ عازمین کی زیادہ سے زیادہ عمر 65 سال کے اندر ہو، کارآمد ویکسی نیشن سر  ٹیفکیٹ ہو ،جو سعودی وزارت صحت سے توثیق شدہ ہے جبکہ روانگی سے 72 گھنٹے قبل کے دوران پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ بھی موجود ہو۔ ایمریٹس کے پاس حج ایئرپورٹ کی خصوصی ٹیم ہے جو عازمین حج کے لئے چیک ان، منتقلی اور باسہولت و رواں انداز سے آن گراؤنڈ خدمات میں سہولت فراہم کررہی ہے۔ ایمریٹس نے دبئی میں ٹرانزٹ کی مناسبت سے عازمین حج کے لئے چیک ان اور ٹرانسفر کے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کردیئے ہیں۔ دبئی میں عازمین حج کے طویل قیام کیلئے جدہ یا مدینہ روانگی سے قبل خصوصی ٹیمیں ان گروپوں کی رہنمائی کریں گے اور آمد سے متعلق ضابطوں کی تکمیل میں معاونت فراہم کریں گی۔ جہاز میں عازمین حج کی آمد کے ساتھ وسیع اقسام کے اقدامات طے کئے گئے ہیں جن میں حج کے سفر سے متعلق اقدار اور روایات کو پیش نظر رکھا جارہا ہے۔ اسی طرح، عازمین حج کے لئے وضو، صاف ستھرے تولئے، میقات میں آمد اور احرام باندھنے سے متعلق احتیاط سمیت دیگر انتظامات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ایمریٹس کے ایوارڈ یافتہ آئس سسٹم میں حج کی بھی خصوصی ویڈیو شامل ہے جس میں حفاظت، حج سے متعلق عام ضابطے اور فرائض کی انجام دہی سے متعلق معلومات موجود ہیں۔ عازمین حج دیگر مذہبی مواد کے ساتھ ساتھ ہولی قرآن چینل کی نشریات بھی ملاحظہ کرسکتے ہیں۔ عازمین حج جدہ سے پروازوں پر 5 لیٹر تک زمزم رکھ سکتے ہیں جسے کارگو میں خصوصی مقام پر رکھا جائے گا۔ 

مزیدخبریں