لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے آج حکومتی اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ ہنگامی اجلاس طلب کیا ، جس میں لاہور ہائی کورٹ کے ممکنہ فیصلے کے بعد کی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے حکومتی اتحاد کے اراکین کو فوری طور پر لاہور پہنچنے اور تاحکم ثانی صوبائی دارالحکومت ہی میں رہنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ضمنی انتخابات والے حلقوں میں انتخابی مہم کے لیے جانے والے اراکین پنجاب اسمبلی کو بھی واپس لاہور پہنچنے کا کہہ دیا ہے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں اگر دوبارہ انتخاب ہوا تب بھی اپنی پوزیشن برقرار رکھیں گے۔ ہم عدالتوں کااحترام کرتے ہیں جو بھی فیصلہ ہوگا اسے تسلیم کریں گے۔ اجلاس میں حکومتی اتحاد کے اراکین کو پہلے کی طرح ایک ساتھ ایک ہی ہوٹل میں اکٹھے رکھنے سے متعلق بھی غور کیا گیا۔