اسلام آباد:پاکستان کی ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس کا محکمہ بلدیات نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ مردم شماری کو احسن انداز میں کرنے کیلئے ہائی لیول کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے، چیف سیکرٹری پنجاب کمیٹی کے چیئرمین ہونگے، کمیٹی کے فوکل پرسن سیکرٹری بلدیات کو مقرر کیا گیا ، ہےپاک فوج، پی اینڈ ڈی، بورڈ آف ریونیو، لوکل گورنمنٹ، متعلقہ کمشنر کمیٹی کا حصہ ہونگے،کمیٹی میں صوبائی مردم شماری کمشنر، سیکرٹری تعلیم، صوبائی سطح کے پولیس افسران بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیرمنصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے فروری 2022میں اعلان کیا تھا کہ ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری و خانہ شماری کے حتمی نتائج کا اعلان دسمبر تک کیا جائے گا اور آئندہ انتخابات انہی کی بنیاد پر ہوں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ رواں سالانہ بجٹ کے دوران مردم شماری کیلئے پانچ ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ باقی بجٹ آئندہ مالی سال میں مختص کیا جائے گا۔