سعودی عرب، امارات و خلیجی ممالک ، امریکہ ، ترکی میں عید منائی گئی : پاکستان میں آج 

Jun 29, 2023

لاہور پشاور ریاض اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ بیورور رپورٹ+ نامہ نگار+ خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) پاکستان میں عید آج، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین ، کویت، عمان سمیت خلیجی ممالک میں گزشتہ روز عید الاضحی منائی گئی۔ اس موقع پر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں لاکھوں حاجیوں سمیت فرزندان اسلام نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے کو آئے جبکہ ترکی، انڈونیشیا اور دیگر ممالک میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔ برطانیہ، کینیڈا اور امریکا میں بعض لوگوں نے گزشتہ روز اور کچھ آج عید الاضحی منائیں گے۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے مسلمانوں کو عیدالاضحی کی مبارک باد دی ہے۔ لاہور سمیت ملک بھر میں آج عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔ فرزاندان اسلام نماز عید الاضحی کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قر بانی کا فرےضہ سر انجام دیں گے۔ مساجد اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوں گے۔ پولیس، انتظامیہ نے عیدالاضحی پر نماز عید کی ادائیگی کے اوقات میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ بڑے اجتماعات عالمگیری بادشاہی مسجد، جامع مسجد دربار حضرت داتا گنج بخشؒ، جامعہ نعیمیہ، جامع مسجد وزیر خان، جامعہ اشرفیہ، جامع منصورہ ، جیلانی پارک، مسجد شہدائ، یونیورسٹی گراﺅنڈ، جامع مسجد دارالاسلام باغ جناح، مینار پاکستان کے علاوہ شہر بھر کی عید گاہوں اور پارکس میں عید کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔ خطباءحضرات سنت ابراہیمی پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔ پشاور سمیت بعض قبائلی اضلاع میں افغان مہاجرین نے بدھ کے روز عیدالاضحیٰ منائی۔ سکیورٹی کے موثر انتظامات کئے گئے تھے۔ افغان مہاجرین کے عید کے بڑے بڑے اجتماعات بورڈ، تاج آباد، رنگ روڈ پر ہوئے۔ عیدالاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی کے بعد افغان مہاجرین نے سنت ابراہیمی کے پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی۔ بعض قبائلی اضلاع مفں بھی بھی بدھ کے روز عیدالاضحیٰ منائی گئی۔ پاکستان اور افغانستان میں امن کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے پیغام میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں قربانی، صبر اور برداشت کا درس دیتا ہے، عید کی خوشیوں میں غریب اور معاشی طور پر کمزور بھائیوں کو بھی شریک کیا جائے۔ آزاد، خود مختار اور باوقار پاکستان بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا۔ نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے پوری قوم کو حج اور سنت ابراہیمی کی ادائیگی پر مبارکباد دی اور کہا قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی ہے۔ دنیا کی کوئی قوم ان کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ ہمارا دین بھی ہمیں اخوت، ایثار، محبت اور غم خواری کا سبق دیتا ہے۔ قائم مقام صدر محمد صادق سنجرانی نے عیدالاضحی کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الا ضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضر ت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی شاندار مثال اور یادگار ہے جس نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال راویت قائم کی جس کی پیروی تاقیامت جاری رہے گی۔ قربانی کا یہ جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس مقدس موقع کی خوشیوں سے محروم نہ رہ جائے۔ ڈپٹی سپیکر زاہد درانی نے بھی قوم کو مبارکباد دی ہے۔ سپیکر پرویز اشرف نے کہا عیدالاضحیٰ ہمیں ایثار، قربانی، محبت و رواداری کا درس دیتی ہے۔ 

عید مبارکباد 

مزیدخبریں