شکر گڑھ: والدہ نے پھول نچھاور کر کے شہید بیٹے کے جسد خاکی کا استقبال کیا

Jun 29, 2023

شکرگڑھ (نامہ نگار) شہیدوں کی دھرتی شکرگڑھ کا ایک اور سپوت لانس نائیک شاہد وطن عزیز کی حفاظت کرتے ہوئے شمالی وزیرستان  میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں  جام شہادت نوش کر گیا۔ والدہ نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے شہید بیٹے لانس نائیک شاہد کے جسد خاکی کا استقبال کیا۔ نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور پاک آرمی زندہ باد  کے نعروں کی گونج۔ شہید کی تدفین نماز جنازہ کے بعد پورے فوجی اعزاز کے ساتھ  کی گئی۔ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملہ میں شہید ہونے والے لانس نائیک شاہد کو  پورے فوجی اعزاز کے ساتھ نماز جنازہ کے بعد آبائی گاؤں کھنہ کے قبرستان  میں سپرد خاک کردیا گیا۔ فوج کے چاک وچوبند دستے نے سلامی  دی۔ پھول چڑھائے، نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی افسران  کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد میں شرکت، سارا گاؤں نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔ والدہ اور اہل علاقہ نے اپنے سپوت کی شہادت کو علاقے کے لیے فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے اور بیٹے بھی مادر وطن پر قربان ہونے کے لیے تیار ہیں۔ پاک فوج ہمارا فخر ہے اور شہادت ہماری میراث ہے۔ شہید نے سوگواران میں  بیوہ اور 3 بچے چھوڑے ہیں۔

مزیدخبریں