مہاراشٹر: مسلم نوجوان کے قتل میںملوث 11گائو رکھشک گرفتار

نئی دلی(این این آئی)بھارت میں شک کی بنیاد پر ایک مسلمان کو قتل کرنے کے الزام میں 11 گا ئورکھشکوں کو گرفتار کر لیا گیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کے شہر ناسک میں15 گائو رکھشکوں نے ہفتہ کی شام کو 31سالہ مسلم شہری افنان انصاری اور اس کے ساتھی ناصر قریشی کوگائے کا گوشت لے جانے کا الزام لگا کر آہنی راڈوں اور لاٹھیوں سے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایاتھا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے تھے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے افنان دم توڑ گیاتھاجبکہ ناصر ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ریاست میں گزشتہ دو ہفتے کے دوران گائے کا گوشت رکھنے کے الزام میں مسلمانوں کے قتل کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔پولیس کے مطابق قتل میںملوث 11گائو رکھشکوں کو گرفتار کیاگیا ہے ۔ اس سے قبل 8جون کو ریاست میں گائورکھشکوں کے ایک گروپ نے مویشی لے جانے والے تین بیوپاریوں پر حملہ کیا تھا اور بعدازاں ان میں سے بیوپاری لقمان انصاری کی لاش ایک گڑھے سے ملی تھی ۔واضح رہے کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی ایک رپورٹ کے مطابق 2019 میں 44، 2021 میں 50 مسلمان انتہا پسند گاو رکھشکوں کے ہاتھوں قتل ہو چکے ہیں۔ہیومن رائٹس واچ کے مطابق رواں سال فروری میں ریاست ہریانہ میں انتہا پسندوں نے گائے کی حفاظت کے نام پر 2 مسلمانوں کو تشدد کر کے قتل کیا۔

ای پیپر دی نیشن