کیف(آئی این پی)روس کا یوکرائن کے شہر کراماٹوسک میں واقع ریسٹورنٹ پر میزائل حملہ۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق روس نے یوکرین کے مشرقی شہر کراماٹوسک میں میزائل برسائے جس کے نتیجے میں دو کمسن جڑوان بہنوں سمیت 10 افراد ہلاک، 61 زخمی ہو گئے۔ روس نے یوکرین کے شاپنگ سینٹر اور ریسٹورنٹ کو نشانہ بنایا اور میزائل داغے،میڈیا رپورٹس کے مطابق جس علاقے میں میزائل سے حملہ کیا گیا وہ یوکرین کے قبضے میں ہے لیکن ان علاقوں سے قریب ہے جہاں اب روس نے قبضہ جمایا ہوا ہے۔ لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں بچانے کیلئے ریسکیو عمل جاری ہے جبکہ عینی شاہدین نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ انہوں نے لوگوں کو مردہ حالت میں دیکھا جبکہ لوگوں کو چیختے اور مدد کو پکارتے بھی دیکھا ہے،حکام نے بتایا کہ دھماکے کے مرکز میں رہائشی عمارتیں بھی تھیں۔