مکہ مکرمہ (اے پی پی) سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے رواں برس حج سیزن کے دوران سیکورٹی اور فوجی حکام کی کوششوں کو سراہا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق مکہ میں حج سکیورٹی کمیٹی اور حج سکیورٹی فورسز کے رہنماں کے ساتھ ملاقات کے دوران شہزادہ عبدالعزیز نے کہا کہ سکیورٹی پلان کے نافذ کردہ مراحل کامیاب رہے ہیں اور عازمین حج کو مکہ پہنچنے تک کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔انہوں نے وزارت کے سکیورٹی حکام اور وزارت نیشنل گارڈ، وزارت دفاع، جنرل انٹیلی جنس پریذیڈنسی اور پریزیڈنسی آف سٹیٹ سیکورٹی کے فوجی حکام کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کی کوششیں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک عازمینِ حج آسانی اور سکون کے ساتھ اپنی رسومات ادا کرنے کے بعد اپنے وطن واپس نہیں چلے جاتے ہیں۔مزید براں پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹر اور حج سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ جنرل محمد البسامی نے حج سکیورٹی پلان کے نتائج کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس حج سیزن میں شرکت کرنے والے تمام سکیورٹی اور عسکری حکام سکیورٹی پلان کے بقیہ مراحل پر عمل درآمد کے لیے تیار ہیں، اس طرح عازمینِ حج کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔