لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل کیے گئے وعدوں میں سے ایک پر بھی عملدرآمد نہیں کیا، مہنگائی میں کمی کی بجائے سو فیصد اضافہ ہوا، معیشت بہتر نہ ہوسکی۔ حکمران غیرترقیاتی اخراجات، اپنی مراعات، کرپشن کم کرنے میں ناکام رہے، ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا گیا، قرضوں کے سہارے ملک نہیں چلتے۔ حکومت نے ایک سال میں تقریباً 15سو ارب کا ریکارڈ قرضہ لیا جو کہ یومیہ 41ارب بنتا ہے۔ حکمران ہمت کریں اور آئی ایم ایف سے جان چھڑائیں۔ موجودہ حکومت پی ٹی آئی کی پالیسیوں کا تسلسل ہے۔ بہتری کے لیے اسلامی نظام لانا ہوگا۔ اسلامی سراج الحق نے ملت اسلامیہ پاکستان کو عید الاضحی اور قربانی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ ہر مسلمان سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے یہ عہد کرتا ہے کہ رضائے الٰہی کے حصول کے لیے وہ ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ قربانی کے موقع پر صاحب حیثیت افراد سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے غربا ، مساکین ، یتیموں ، بیواؤں ، بے سہارا لوگوں کو بھائی چارے کے اصول کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے قربانی کا گوشت دیں تاکہ ان کے گھروں میں بھی خوشی کا اہتمام ہوسکے۔
پی ڈی ایم ملک چلانے میں ناکام، مہنگائی میں 100 فیصد اضافہ ہوا: سراج الحق
Jun 29, 2023