پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کے درمیان انتخابی اتحاد خارج از امکان: عرفان صدیقی

اسلام آباد (خبرنگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ملکی سیاست کی دو بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی میں سیاسی اختلاف کے ساتھ ساتھ مثبت تعلق بھی رہا ہے۔ آنے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں انتخابی اتحاد خارج از امکان ہے۔ نوازشریف کی دبئی آمد کے بعد مریم نواز، آصف زرداری اور بلاول بھٹو بھی دبئی پہنچ چکے ہیں۔  بہت سے لوگوں کو علم نہیں کہ میاں نواز شریف اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے درمیان بہت اچھے مراسم قائم ہوگئے تھے۔ اب دبئی میں نوازشریف، مریم نواز، آصف زرداری اور بلاول موجود ہیں یعنی مستقبل کی جوان قیادت بھی موجود ہے اور سینئر لیڈر شپ بھی۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے انکشاف کیا کہ نومبر 2022 میں تحریک انصاف اور پی ڈی ایم کی دیگر جماعتیں جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرمی چیف کے عہدے پر ایک اور ایکسٹینشن دینے پر آمادہ گئی تھیں لیکن جب یہ پیغام سابق وزیراعظم نواز شریف تک پہنچا تو نواز شریف اس فیصلے کے سامنے دیوار بن گئے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ سینیارٹی لسٹ میں جنرل عاصم منیر نمبر ایک پر تھے۔ نوازشریف نے کہا کہ نمبر ایک پہ جو بھی ہے، اسے آرمی چیف بنا دیا جائے۔ 

ای پیپر دی نیشن