نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر پیغام میں محسن نقوی نے کہا حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے پیارے فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ تعالی کے حکم پر قربانی کیلئے پیش کر کے عظیم مثال قائم کی۔ عیدالاضحیٰ کا دن مسلمانوں کو ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارا اور یتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا پیغام ہے۔نگران وزیر اعلی پنجاب نے کہا عید قربان پر جھوٹ، منافقت اور غیبت کو ہمیشہ کیلئے قربان کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔ قیام امن کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہدا کے اہل و عیال کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہماری اجتماعی قومی ذمہ داری ہے۔محسن نقوی کا مزید کہنا تھا بحیثیت قوم باہمی رنجشیں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ آج کا دن اپنی ذات کی نفی، ذاتی انا اور مفادات کی قربانی دیکر ایثار، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے سے سرشار ہو کر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ عید کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر ہمیں دکھی اور لاچار انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کا عہد کرنا ہو گا۔
تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، محسن نقوی
Jun 29, 2023 | 11:04