اسنیپ چیٹ نے2013 میں اسٹوریز کا فیچر سب سے پہلے متعارف کرایا تھا جو اس کے بعد لگ بھگ ہر سوشل میڈیا ایپ میں پہنچ گیا۔تفصیلات کےمطابق اسنیپ چیٹ کے بعد فیس بک، میسنجر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ میں اسٹوریز کا فیچر شامل ہوا جبکہ گوگل نے بھی اس پر تجربات کیے۔اب 10 سال بعد معروف میسجنگ ایپ ٹیلی گرام بھی اسٹوریز کا فیچر متعارف کرانے کیلئے تیار ہے۔ٹیلی گرام کے بانی پاویل دوروف نے اعلان کیا ہے کہ میسجنگ ایپ میں اسٹوریز کا فیچر آئندہ ماہ کسی وقت صارفین کیلئے دستیاب ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ہم اپنی حریف ایپس کی طرح اس فیچر کو کاپی نہیں کر رہے بلکہ اسے منفرد انداز سے ٹیلی گرام کا حصہ بنایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ صارفین خود فیصلہ کر سکیں گے کہ ان کی ہر اسٹوری کو کون دیکھ سکے گا۔اسٹوریز چیٹ لسٹ کے اوپر نظر آئیں گی اور کسی کانٹیکٹ کی اسٹوری کو ہائیڈ کرنا بھی ممکن ہوگا۔صارفین ٹیلی گرام اسٹوریز میں کیپشنز کے ساتھ ساتھ فوٹوز اور ویڈیوز کو پوسٹ کر سکیں گے۔ایک اسٹوری 6، 12، 24 یا 48 گھنٹے میں ایکسپائر ہوگی اور ہر ایک کی پرائیویسی سیٹنگ الگ ہوگی۔ٹیلی گرام کے بانی نے بتایا کہ چینلز سے میسجز کو اسٹوریز میں ری پوسٹ کرنا ممکن ہوگا۔