فلموں اور ٹیلی ویژن کے نامور اداکار شکیل 85 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔اداکارہ بشریٰ انصاری نے اداکار شکیل کے انتقال کی تصدیق کردی۔معروف اداکار کا اصل نام یوسف کمال تھا، مگر بعد میں انہیں شکیل کا فلمی نام دیا گیا۔کئی سال قبل اداکار شکیل کا بائی پاس آپریشن بھی ہوا تھا جبکہ وہ پچھلے کئی سال سے جوڑوں کی ایک بیماری ارتھرائٹس کا شکار تھے۔شکیل کو چلنے پھرنے میں دشواری ہوتی تھی، اس لیے ایک ملازم انہیں چلنے میں مدد دیتا تھا۔انہوں نے ٹیلی ویژن پر ایک عرصے تک راج کیا۔ شہ زوری، ان کہی ڈراما سیریل سے شہرت حاصل کی۔ان کی بےساختہ کردار نگاری نے ٹی وی ڈراموں کو سپرہٹ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ماضی کی مقبول ڈراما سیریلز شہ زوری، انکل عرفی، انتظار فرمایے، ان کہی، زیر زبر پیش، افشاں، انا، عروسہ، آنگن ٹیڑھا سمیت لاتعداد ڈرامے ایسے ہیں جنہیں شکیل نے اپنی لاجواب اداکاری سے امر کردیا۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شکیل گزشتہ چند روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ذرائع نے بتایا کہ مرحوم شکیل کی نماز جنازہ کل بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکار شکیل کی بیٹی آج رات سعودی عرب سے کراچی پہنچ رہی ہیں جبکہ اداکار شکیل کا بیٹا پہلے ہی کراچی میں موجود ہے۔