بھارت آئی سی سی ایونٹس میں ’’چوکرز‘‘ کا لیبل ہٹانے میں کامیاب ہوپائیگا؟

Jun 29, 2024

لاہور (سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2024 میں دفاعی چیمپیئنز انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچنے والی بھارتی ٹیم میگا ایونٹس کے اہم میچز میں شکست کھانے کی تاریخ رکھتی ہے۔ ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی 20 ورلڈکپ کے نویں ایڈیشن میں گزشتہ روز بھارت اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا سیمی فائنل کھیلا گیا۔ بھارت نے یک طرفہ مقابلے میں انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ گزشتہ سال ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں ٹیبل ٹاپرز رہنے والی بھارتی ٹیم فائنل تک تو پہنچی لیکن آسٹریلیا نے بھارت کی ٹرافی جیتنے کی امیدوں پر پانی پھیردیا۔  2015 کے ورلڈکپ کی بات کی جائے تو بھارت ‘پول بی’ میں 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل ٹاپرز تھا۔ 2019 کے ورلڈکپ میں بھی بھارت نے 15 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہتے ہوئے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔  بھارت ان دونوں ورلڈکپ میں ٹاپ آف دی ٹیبل ہونے کے باوجود سیمی فائنل سے باہر ہوگیا تھا۔ 2015 میں آسٹریلیا اور 2019 میں نیوزی لینڈ نے بھارتی ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا تھا۔  بھارت کے پاس اس ورلڈکپ میں ’’چوکرز‘‘ کا لیبل ہٹانے کا ایک اور بہترین موقع ہے۔ خیال رہے کہ بھارتی ٹیم اپنی آخری آئی سی سی ٹرافی 2013 میں جیتی تھی جس کے بعد اب تک بھارتی کسی میگا ایونٹ میں ٹرافی اپنے نام نہیں کرپائے۔

مزیدخبریں