لاہور(سپورٹس رپورٹر)کون بنے گا مینز ٹی 20ورلڈ کپ کا چیمپئن ؟۔جنوبی افریقہ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان نویں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا فائنل آج ہفتہ کوکنگسٹن اوول، برج ٹائون، بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 7بج کر 30منٹ پر شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ کے چیمپئن کا فیصلہ 29جون کو کنگسٹن اوول، برج ٹان، بارباڈوس میں ہوگا۔ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیمیں سب سے زیادہ 2، 2 مرتبہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی چیمپئن رہ چکی ہیں۔بھارتی ٹیم اس سے قبل 2007 میں ایک مرتبہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی چیمپئن رہ چکی ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم تاحال ورلڈ کپ نہیں جیت سکی ہے۔ ان کے علاوہ پاکستان سری لنکا اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیت چکی ہیں۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024کا فائنل آج بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونا ہے تاہم یہ فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ موسم کا حال بتانے والی مختلف ایپلیکیشنز نے آج اورکل بارباڈوس میں بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ہفتے کو میچ ڈے کے موقع پر بارباڈوس میں علی الصبح سے شام 6بجے تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔فائنل کیلئے اتوار کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے تاہم ریزرو ڈے کے روز بھی بارباڈوس میں بارش کا امکان ہے جبکہ اتوار کو صبح 11سے شام 5بجے کے درمیان بھی بارش متوقع ہے۔ ورلڈکپ کی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق فائنل میچ کے دونوں دنوں کے لیے 190منٹ کا اضافی وقت رکھا گیا ہے۔ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایونٹ کی 2 ناقابل شکست ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024کا فائنل کوالیفائی کرنیوالی جنوبی افریقہ اور بھارت کی ٹیمیں ایونٹ میں میں کوئی میچ نہیں ہاری ہیں۔ٹی 20 ورلڈ کپ 2024کے فائنل میں کامیاب ہونے کے بعد، ناقابل شکست رہتے ہوئے دوسری ناقابل شکست ٹیم کو ہرا کر ٹورنامنٹ جتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن جائے گی۔ 1979کے بعد پہلی مرتبہ دو ناقابل شکست ٹیموں کا فائنل میں مقابلہ ہوگا۔1979کے ون ڈے ورلڈ کپ میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں فائنل سے پہلے کوئی میچ نہیں ہاری تھیں جبکہ ویسٹ انڈیز نے 1979اور 1975کا ورلڈ کپ ناقابل شکست رہتے ہوئے جیتا تھا۔