کوئٹہ+ کراچی (آئی این پی) ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام سراپا احتجاج ہیں۔ بلوچستان بھر میں بھی بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ پر شہریوں کا پارہ ہائی ہو گیا۔ گرمی کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہیں بلاک کر دیں۔ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے کوئٹہ پنجاب قومی شاہراہ اور کوئٹہ کے پی کے قومی شاہراہ قلعہ سیف اللہ کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دی۔ نوشکی، منگچر، مستونگ، قلعہ سیف اللہ میں بھی زمینداروں نے احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہوں کو بلاک کردیا۔ زمیندار ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث ہماری فصلیں تباہ ہوگئی ہیں، واپڈا والے ہوش کے ناخن لیں، ہمیں آخری اقدام اٹھانے پر مجبور نہ کیا جائے۔ دوسری جانب کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ہیٹ سٹروک سے7 افراد انتقال کرگئے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں برس مجموعی طور پر ہیٹ سٹروک سے ہلاکتوں کی تعداد 17ہوگئی ہے۔ کراچی میں ہیٹ سٹروک کے مجموعی طور پر 212 کیسز رپورٹ ہوئے۔
بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری، کوئٹہ، عوام سڑکوں پر نکل آئے، شاہراہیں بلاک
Jun 29, 2024