پشاور (نوائے وقت رپورٹ) ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار کے خلاف ایف آئی اے کے نوٹس کو غیرقانونی قرار دے دیا۔ پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما و رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کی درخواست پر محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے لاہور کے نوٹس کو غیرقانونی دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ 19 صفحات پر مشتمل فیصلہ چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نوٹس جاری کرنے میں جو میکنزم اپنایا گیا وہ بدنیتی پر مبنی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اعلیٰ عدالتیں نارمل حالات میں تحقیقات کے دوران مداخلت نہیں کرتیں۔ فیصلے کے متن کے مطابق تحقیقاتی حکام کے پاس یہ اختیار نہیں کہ اپنی خواہشات کے مطابق تحقیقات کریں۔ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے کہا ہے کہ درخواست گزار کو مارچ 2024 میں جو نوٹس جاری کیا گیا اس میں الزامات کی کوئی لسٹ فراہم نہیں کی گئی جو خود ایف آئی اے سرکولر کی خلاف ورزی ہے۔